Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا غزہ جنگ بندی کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم

سلامتی کونسل کی قرارداد سےمستقل اور پائیدار جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی(فوٹو، ایکس )
سعودی عرب نے سلامتی کونسل کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مستقل اور پائیدار جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی جانب سے پیر کے روز پہلی مرتبہ غزہ پٹی میں رمضان المبارک کے حوالے سے فوری جنگ بندی کی قرار داد کی منظوری دی ہے۔
اس حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے جاری بیان میں پہلی بار قرار داد کے منظور کیے جانے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ فوری جنگ بندی کی قرار داد سے تمام قیدیوں کی رہائی اورانسانی بنیادوں پر غزہ پٹی اور اس کے اطراف میں متاثرین کو وسیع بنیادوں پر امداد کی ترسیل ممکن ہو سکے گی۔
سعودی عرب کی جانب سے اپنے غزہ پٹی میں شہریوں کی مشکلات اور اسرائیلی حملوں کو روکنے کے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عالمی برادری ان حملوں کو مستقل بنیادوں پرروکنے اور فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داری تسلیم کرے۔
سعودی عرب کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی امیدوں کے مطابق انکی مشکلات ختم اور ان کے حقوق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
فلسطینی ریاست جو 1967 کی سرحدوں کے مطابق تھی جس کا دارالحکومت بیت المقدس تھا اسے بحال کیا جائے جو عرب امن اقدام اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق ہے۔

شیئر: