’یتیموں کی دیکھ بھال دینی، انسانی اور سماجی ذمہ داری‘
حرمین شریفین میں دینی امور انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے مذہبی، انسانی اور سماجی منصوبوں کو فروغ دیتے ہوئے ’کافل‘ منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ’کافل‘ کا مقصد یتیموں کی دیکھ بھال کو اہمیت دینا، مملکت کی مذہبی، انسانی اور سماجی تصویر کو اجاگر کرنا ہے جبکہ یہ منصوبہ ہمارے دلوں میں یتیموں کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے دینی امور کی انتظامیہ کے رمضان آپریشنل پلان کے تحت مختلف چیرٹی منصوبوں کو فروغ دینے کے حوالے سے یتیموں کی کفالت کرنے والے فلاحی ادارے جمعیۃ الوداد اور معذوروں کی دیکھ بھال کرنے والے جمعیۃ المعاقین کے متعدد بچوں سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے یتیموں کا خیال رکھنے اور انہیں دینی وسماجی تہواروں میں شامل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یتیموں پر توجہ دینا دینی امور انتظامیہ کی انسانی وسماجی ذمہ داریوں میں شامل اور اپنی خدمات کو انسان دوست بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
انتظامیہ حرمین شریفین اور ان کے زائرین سے متعلق مصروفیات کے باوجود معاشرے کے ان طبقات کی ضروریات سےغافل نہیں ہے، کیونکہ انتظامیہ کامیابی کے حصول کے لیے ادارہ جاتی توازن پر یقین رکھتی ہے۔