Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ہزار سے زائد یورپی کمپنیاں سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے لیے تیار

350 یورپی تجارتی اداروں نے ریجنل دفاتر کا لائسنس حاصل کیا ہے (فوٹو: الاقتصادیہ)
یورپی یونین کے سفیر برائے مشرق وسطٰی لویجی دی مایو نے کہا ہے کہ 350 سے زائد یورپی تجارتی اداروں نے اپنا ریجنل مرکز ریاض میں منتقل کرنے کا لائسنس حاصل کیا ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’متعدد معروف یورپی کمپنیاں مملکت میں صدر دفتر قائم کرنے کی خواہاں ہیں۔‘
دوسری جانب سعودی عرب میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کے حوالے سے بھی غیرملکی کمپنیوں کو مراعات دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مملکت کا ہدف ہے کہ سال 2030 تک 480 کے قریب عالمی کمپنیاں اپنا علاقائی دفتر قائم کریں۔
دریں اثنا یورپی یونین کے ایمبیسڈر نے دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے کہا کہ ’سعودی عرب اور یورپی یونین تجارتی امور میں اہم شراکت دار ہیں۔‘
سال 2023 میں مصنوعات جبکہ سال 2022 میں سروسز سیکٹر میں مجموعی طورپر مشترکہ تجارتی حجم 87.91 ارب یورو رہا جس کا پانچواں حصہ تجارتی اشیا پرمشتمل تھا جس کی مجموعی مالیت 70.75 ارب یورو تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’1300 سے زائد یورپی کمپنیاں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں جبکہ 25 ہزار کے قریب یورپی یونین کی شہری سعودی عرب میں مقیم ہیں۔‘
 وزیر منصوبہ بندی و اقتصادیات فیصل بن فاضل الابراہیم نے یورپی یونین کے ایمبسڈر لویجی دی مایو کے ہمراہ ریاض میں ایک پریس میٹ کا اہتمام کیا۔
 مختلف منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’باہمی اشتراک سے متعدد منصوبوں میں کام شروع کیا جائے۔ یورپی یونین کی متعدد کمپنیاں جو مختلف ٹیکنالوجی کی فیلڈ میں مہارت رکھتی ہیں یہاں کام کرنے کی خواہاں ہیں۔‘
سعودی وزیر نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے گرین ہائیڈروجن اور تجدد پذیر توانائی کے شعبے میں مشترکہ بڑے منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا۔
 ایمبسڈر لویجی دی مایو نے بتایا کہ ’سعودی عرب اور یورپی ممالک کے مابین تجارتی و صنعتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کےلیے نجی سیکٹر کے ساتھ مل کر مئی 2024  میں پہلا یورپی چیمبرآف کامرس ریاض میں قائم کیا جائے گا تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔‘

شیئر: