Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی شہریوں پر حملہ کرنے والے مجرموں کو جلد پکڑ لیں گے: شہباز شریف

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین چینی انجینیئرز کی میتوں کے ہمراہ ووہان پہنچے (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، لیکن چینی باشندوں پر حملہ کرنے والوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
پیر کو وزیراعظم نے داسو ڈیم منصوبے پر کام کرنے والے چینی انجینیئرز اور ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم جلد ہی مجرموں کو پکڑ لیں گے۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دشمن کو شکست ہو گی۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک تھا اور بے قصور چینی باشندوں پر حملہ بزدلانہ تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’یہ پاکستان کے دشمنوں کا کام تھا جو پاکستان اور چین کی روز بروز پائیدار ہونے والی دوستی کو نقصان پہنچانے اور اس میں دراڑ پیدا کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔‘
’ہم اس غم میں آپ کے برابر کے ساتھ ہیں، میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت پاکستان ہر ممکن کوشش کرے گی کہ آپ کو اور آپ کے اہل خانہ کو بہترین سکیورٹی ملے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’میں نے اس افسوس ناک واقعے کے فوری بعد چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور اظہار تعزیت کیا۔ میں نے اپنے بھائی (چینی) سفیر کو یقین دہانی کروائی تھی کہ ہم یقینی طور پر مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، اور یقینی بنائیں گے کہ انہیں مثالی سزائیں دی جائیں کہ تاکہ کوئی بھی ایسے گھناؤنے جرائم کرنے کا سوچے بھی نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس حملے کی تحقیقات کے لیے میں نے اُسی دن مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)، انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔ انکوائری کمیٹی کی تجاویزات پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کریں گے۔‘
واضح رہے کہ 26 مارچ کو پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

سالک حسین نے کہا کہ ’دونوں ممالک خطے میں امن اور ترقی کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔‘ (فوٹو: سالک حسین ایکس)

چوہدری سالک حسین چینی انجینیئرز کی میتوں کے ہمراہ ووہان پہنچے
اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پیر کو خصوصی پرواز کے ذریعے دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے پانچ چینی اہلکاروں کی میتوں کے ہمراہ چین کے شہر ووہان پہنچ گئے۔
وفاقی وزیر نے اس موقعے پر ہلاک ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ خصوصی تقریب میں بھی شرکت کی۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ’پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ چین اور پاکستان کی دوستی یونہی قائم و دائم رہے گی اور دونوں ممالک خطے میں امن اور ترقی کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔‘

شیئر: