غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کےلیے پانچ ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط
غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کےلیے پانچ ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط
منگل 2 اپریل 2024 22:56
شاہ سلمان مرکز اور ورلڈ فوڈ پروگرام نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ پانچ ملین ڈالر کے معاہدے پردستخط کیے ہیں۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وڈیو کانفرنس میں شاہ سلمان مرکزکی جانب سے ڈاکٹرعبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام کی سی ای او سینڈی مکین نے معاہدے پر دستخط کیے۔
غذائی امداد کے حوالے سے معاہدے کے تحت غزہ پٹی کے 377588 پناہ گزینوں کے لیے تیار کھانے فراہم کیے جائیں گے۔
واضح رہے مملکت کی قیادت کی جانب سے غزہ پٹی میں انسانی المیہ کے آغاز سے عوامی سطح پر امدادی مہم شروع کی گئی ہے جس کے لیے ساھم پورٹل بھی لانچ کیا گیا۔
سعودی عرب کی جانب سے امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے اب تک 44 طیارے روانہ کیے جاچکے ہیں جن کے ذریعے 829 ٹن سے زائد خوراک اور اشیائے خورونوش کے علاوہ طبی سامان بھیجا گیا۔
مملکت کی جانب سے بھیجے گئے امدادی سامان کے علاوہ 20 ایمبولینسز بھی پہنچائی کی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں 6 بحری جہازوں کے ذریعے بھی 5 ہزار 795 ٹن سے زائد امدادی سامان بھیجا گیا۔