Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک کا غیر معمولی ازدحام اور ڈلیوری کمپنیوں کا بحران

’بے تحاشا لوگوں کے آرڈر جمع ہوچکے ہیں جبکہ ہر کسی کو ڈلیوری دینے سے قاصر نظر آرہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں ڈلیوری کمپنیوں نے جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صارفین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عید تعطیلات سے پہلے اپنا آرڈر آکر لے جائیں ورنہ اسے واپس کردیا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مختلف شہروں میں ڈلیوری کمپنیوں کا بحران چل رہا ہے جن کے پاس بے تحاشا لوگوں کے آرڈر جمع ہوچکے ہیں جبکہ ہر کسی کو وہ ڈلیوری دینے سے قاصر نظر آرہے ہیں۔

جبکہ دوسری طرف جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ضوابط کے مطابق ڈلیوری کمپنی صارف کو اس کے گھر تک آرڈر پہنچانے کی پابند ہے اور اس کی خلاف ورزی پر 5 ہزار ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔
متعدد شہروں کا سروے کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ ڈلیوری کرنے والے ڈرائیوروں نے صارفین کو فون کرکے بتایا ہے کہ وہ ایک متعین مقام پر کھڑے ہیں، آئیں اور اپنا آرڈر لے جائیں کیونکہ ڈرائیور ہر ایک کو اس کا آرڈر گھر تک نہیں پہنچا سکتے۔
اس بات کا بھی مشاہدہ کیا گیا ہے کہ مختلف مقامات پر ڈلیوری کمپنیوں کے ڈرائیور اپنی گاڑیوں میں بیٹھے ہیں، لوگوں کے سامان کا ڈھیر لگا ہوا ہے جبکہ وہ صارفین کے انتظار میں ہیں۔
بعض صارفین کو ایس ایم ایس موصول ہوئے ہیں جن میں لکھا ہے کہ’ آپ کا آرڈر ڈرائیور کے پاس موجود ہے جس کا یہ نمبرہے اور وہ عصر کے بعد سے رات تک فلاں مقام پر موجود ہے، آپ آئیں اور اپنا سامان لے جائیں، بصورت دیگر آپ کا آرڈر گودام میں واپس کردیا جائے گا‘۔
معلوم ہوا ہے کہ متعدد افراد نے جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو شکایت بھی درج کی ہے کہ جب کمپنی نے آرڈر گھر تک پہنچانے کی فیس وصول کرلی ہے تو اسے چاہئے کہ وہ ایسا کرے۔
دوسری طرف ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ ان میں سے ہر ایک پاس کئی سو آرڈر ہیں۔ رمضان کے آخری دنوں میں سڑکوں پر اس قدر بھیڑ ہے کہ وہ ڈیوٹی کے اوقات میں مشکل سے دو آرڈر ہی پہنچا سکتے ہیں جبکہ عید کی تعطیلات سر پر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ڈرائیور ایک متعین جگہ پر موجود ہو اور لوگ اس سے آکر سامان لے جائیں تو بہتر ہے اور سب کو عید سے پہلے آڈر مل جائے گا۔

شیئر: