سعودی عرب فیوچر ایوی ایشن فورم کی میزبانی کرے گا
ایونٹ میں ایوی ایشن انڈسٹری کے پانچ ہزار سے زیادہ ماہرین شرکت کریں گے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب 20 سے 22 مئی 2024 کو ریاض میں فیوچر ایوی ایشن انٹرنیشنل فورم کی میزبانی کرے گا جس کا مقصد ریجنل لاجسٹک لیڈر شپ ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے تحت ہونے ہونے والے ایونٹ میں انٹرنیشنل ایوی ایشن انڈسٹری کے پانچ ہزار سے زیادہ ماہرین، انٹرنیشنل ایئرلائنز لیڈرز اور ایئرپورٹ ایگزیکٹیوز انڈسٹری کو درپیش چیلنجوں پر تبادلہ خیال کے لیے جمع ہوں گے۔
ایس پی اے کے مطابق گلوبل فلائٹ سیکٹر، ایئرٹرانسپورٹ اور سول ایوی ایشن میں ماحولیاتی پائیداری سے متعلق امور کے ساتھ جدید ایئرٹرانسپورٹ اور گلوبل کنکٹیویٹی بڑھانے پربھی بات چیت ہوگی۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے تحت یہ فورم ایک دہائی کے اندر اس شعبے میں لیڈر شپ کے اس عزم کے مطابق ہے جس میں 2030 تک 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حصول شامل ہے۔
فورم ایوی ایشن کےلیے نیشنل سٹریٹجک کوششوں پر توجہ مرکوز کرے گا جس کا مقصد مملکت کو مشرق وسطی میں ایک اہم لاجسٹک مرکز میں تبدیل کرنا اور اس اہم شعبے میں سرمایہ کاری کےلیے پرکشش ماحول فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے 2022 میں فیوچر ایوی ایشن فورم نے افتتاحی ایڈیشن میں 60 ممالک کا خیر مقدم کیا تھا۔ 52 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے جبکہ 116 دوطرفہ اجلاسوں کی میزبانی کی گئی۔
سعودی عرب کو 2023 سے 2025 تک تین سال کی مدت کے لیے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی کونسل کی رکنیت کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن کا سٹریٹجک منصوبہ وژن 2030 میں بیان کردہ سب سے اہم اہداف میں سے ایک ہے۔
سول ایوی ایشن کے سٹریٹجک پلان کے مطابق مملکت 2030 تک سالانہ 330 ملین مسافروں اور دنیا بھر میں 250 منزلوں کا ہدف رکھتی ہے۔