لائف پارٹنرز کو ’نیٹ ورکنگ‘ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے: نورا فتحی
نورا فتحی کے مطابق ’بالی وڈ انڈسٹری میں لوگ ’اِن‘ رہنے کے لیے حساب کتاب کرتے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
معروف ماڈل، اداکارہ اور ڈانسر نورا فتحی نے بالی وڈ کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں۔
انڈین ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق وہ ایک خوب صورت گلوکارہ، اداکارہ، اور ریئلٹی شوز میں بہت پسند کی جانے والی جج کے طور پر مشہور ہیں۔
انہوں ںے سلمان خان کی میزبانی میں پروگرام ’بِگ باس‘ میں شرکت کے ذریعے مقبولیت حاصل کی اور اب تک طویل سفر طے کر چکی ہیں۔
دِلبر سٹار نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بالی وڈ کے تاریک پہلوؤں کو بے نقاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ’اداکار ’نیٹ ورکنگ‘ کے لیے شادی کرتے ہیں۔‘
نورا کے لیے بالی وڈ کا سفر مشکل رہا ہے۔ ہندی فلم انڈسٹری میں کام کرنے والی کینیڈین اداکارہ کو ان کی کمزور ہندی کی وجہ سے ’تذلیل‘ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ایک کاسٹنگ ایجنٹ اُن پر چلایا اور اُنہیں اپنے ملک واپس جانے کا کہہ دیا۔
تاہم اس کے باوجود انہوں نے سخت محنت کی اور پھر یہ مقام حاصل کیا ہے۔ اس کے بعد اُنہیں بالی وڈ میں اہم کرداروں کی پیش کش بھی کی گئی۔
پروگرام ’جھلک دِکھلا جا 10‘کی جج نے حال ہی میں ’رنویر شو‘ میں گفتگو کی۔ بالی وڈ انڈسٹری کے تاریک پہلوؤں کو بے نقاب کرتے ہوئے نورا فتحی کا کہنا تھا کہ ’میں یہ اپنے سامنے ہوتا دیکھ رہی ہوں۔‘
اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے اِسے شوبز انڈسٹری میں ہوتے دیکھا ہے۔ لوگ طاقت اور اثرورسُوخ کے لیے شادی کرتے ہیں۔‘
بالی وڈ میں بطور ڈانسر اپنی شناخت بنانے والی فنکارہ کا کہنا ہے کہ ’لوگ اپنی بیویوں یا شوہروں کو نیٹ ورکنگ کے لیے، رابطوں کے لیے، پیسوں کے لیے اور تعلقات بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔‘
’کوئی کہتا ہے کہ مجھے اُس (اداکارہ) سے شادی کرنی ہے تاکہ میں آئندہ تین برسوں تک انڈسٹری میں اِن رہ سکوں، کیونکہ اُس (اداکارہ) کی ریلیز ہونے والی نئی فلمیں باکس آفس پر اچھا کاروبار کر رہی ہیں۔‘
نورا فتحی کے مطابق ’بالی وڈ انڈسٹری میں لوگ اس طرح حساب کتاب کرتے ہیں۔ یہ بھی شکاری ہیں، کیا آپ ایسا نہیں سوچتے؟‘