جدہ جانے والے مصری طیارے میں فنی خرابی، ہنگامی لینڈنگ
کمپنی کی انتظامیہ کا کہنا ہے مسافروں کی سلامتی اولین ترجیح ہے(فوٹو: عکاظ)
مصری ایئرلائن کے جدہ جانے والے طیارے نے فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ایجپٹ ایئرکی فلائٹ نمبر ایم ایس 4413 جو برج العرب سے عمرہ زائرین کو لانے کےلیے جدہ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
پائلٹ نے برج العرب کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے فنی خرابی کے بارے میں مطلع کیا جہاں سے ہدایات ملنے پر طیارے کی دوبارہ برج العرب ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کرائی گئی۔
کمپنی کی انتظامیہ کا کہنا ہے’ مسافروں کی سلامتی اولین ترجیح ہے‘۔
140عمرہ زائرین کو جدہ سے لانے کےلیے فوری طور پر دوسرا طیارہ بوئنگ 800-737 کا بندوبست کیا گیا۔
علاوہ ازیں برج العرب ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر میجر جنرل حسن السعید کا کہنا ہے ’ایجپٹ ایئر کے جس طیارے نے پرواز کے بعد دوبارہ ہنگامی لینڈنگ کی وہ صرف عملے کو لے کر جا رہا تھا‘۔
پرواز کے کچھ دیر بعد پائلٹ نے طیارے کے کیبن میں موجود پریشر باکس میں تیکنیکی خرابی محسوس کی اور ائیرپورٹ انتظامیہ کو مطلع کیا۔
انہوں نے بتایا ’طیارہ مسافروں کو لانے جدہ روانہ ہوا تھا۔ ائیرلائن نے فوری طور پر متبادل طیارے کے ذریعے عمرہ زائرین کی واپسی کا انتظام کیا‘۔