Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فروٹ جوس سمیت ایسی چھ میٹھی چیزیں جو بچوں کی صحت کے لیے مضر ہیں

کیچپ، باربی کیو ساوس، مایونیز سمیت دیگر چیزوں میں چینی کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے (فوٹو: فری پِک)
پھلوں کے جوس (کاربونیٹڈ) اور دیگر میٹھی چیزیں یوں تو بہت ہی مزیدار لگتی ہیں جنہیں بڑوں سمیت بچے بھی شوق سے کھاتے ہیں لیکن روزمرہ کی زندگی میں ایسی کئی چیزیں کھائی جاتی ہیں جن میں موجود چینی آہستہ آہستہ ہمیں نقصان پہنچاتی ہے۔
ناشتے میں کھائے جانے والے سیریلز، پیکٹ والا دہی، فروٹ جوس اور گرینولا بار ایسی چیزیں ہیں جن میں چینی، مصنوعی رنگ اور کیمیکلز بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے بچوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، موٹاپا پیدا ہوتا ہے اور ذیابیطس کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس سلسلے میں ہندوستان ٹائمز نے کھانے پینے کی ایسی چھ چیزیں بتائی ہیں جو بچوں کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتی ہیں۔
ناشتے کے سیریلز
خوبصورت ڈیزائن اور آنکھوں کو بھا جانے والی پیکنگ کے باوجود بچوں کے بنائے  جانے والے اکثر سیریلز میں بڑی مقدار میں چینی پائی جاتی ہے۔ سیریلز خریدتے وقت لیبل کو دھیان سے پڑھیں اور اس سیریل کو خریدیں جس میں شوگر کی مقدار کم ہو۔
فلیور والا دہی
فلیور والے دہی کو غذائیت سے بھرپور سنیک کے طور پر پیش کیا جاتا ہے تاہم اس دہی میں چینی کی ایک بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ پھلوں کے فلیور والے دہی کو کھانے سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ اس میں اضافی شوگر پائی جاتی ہے۔
اسی سلسلے عام دہی کا استعمال کریں اور اس میں پھل وغیرہ ڈال کر اسے قدرتی طور پر میٹھا بنائیں۔
فروٹ جوس
پھلوں کا جوس بظاہر تو صحت کے لیے نہایت مفید لگتا ہے تاہم اس میں چینی کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ اگر پھلوں کا جوس 100 فیصد پھلوں کا بھی ہو تو تب بھی اسے زیادہ پینے سے صحت پر مضر اثرات پڑ سکتے ہیں۔
گرینولا بار
گرینولا بار کو آسان اور صحت مند سنیک کے طور پر کھایا جاتا ہے تاہم گرینولا بار میں کبھی کھبار اضافی شوگر اور فیٹس بھی موجود ہوتی ہیں۔ دوکانوں پر فروخت ہونے والی گرینولا بار میں چاکلیٹ چپس، شہد اور بقیہ میٹھا مواد ہوتا ہے جسے زیادہ مقدار میں کھانے سے وزن بڑھ سکتا ہے۔
کیچپ
کیچپ، باربی کیو ساوس، مایونیز سمیت دیگر چیزوں میں چینی کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ ایسی چیزیں خریدتے وقت اُن پراڈکٹس کا انتخاب کریں جن میں قدرتی اجزاء زیادہ مقدار میں پائے جاتے ہوں یا پھر اپنے گھر ہی میں متبادل چیزیں تیار کر لیں۔
پیکجڈ فوڈ
بچوں کے لیے مشہور فروٹ سنیک اور دیگر کھٹے میٹھے سنیکس میں بڑی مقدار میں شوگر پائی جاتی ہے جو کے بظاہر نظر نہیں آتی۔ بچوں کے لیے پیکجڈ فوڈ خریدتے وقت ایسے پراڈکٹس کا انتخاب کریں جس میں شوگر کی مقدار نہایت کم ہو۔

شیئر: