Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی معاون وزیر دفاع سکیورٹی منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان میں

سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل (انجینئر) طلال بن عبداللہ العتیبی سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ 
بدھ کو پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل (انجینئر) طلال بن عبداللہ العتیبی کا والہانہ استقبال کیا۔ 
پاکستان کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’سعودی معاون وزیر دفاع دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ دورے کے دوران دفاع سے متعلقہ شعبوں میں دو طرفہ منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔‘
سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔
آرمی چیف سے ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تربیت سمیت دفاعی امور زیر بحث آئیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایک دن پہلے منگل کو سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے وفد میں شامل وزرا پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے۔
دورے کے دوران سعودی وزیر خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایس ائی ایف سی ارکان سے ملاقاتیں ہوئیں۔
سعودی وفد میں سعودی وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت انجینیئرعبدالرحمن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف، ایوان شاہی کے مشیر محمد التویجری، معاون وزیر سرمایہ کاری انجینیئر ابراہیم المبارک، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، سعودی وزارت توانائی اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے عہدیدار شامل تھے۔

شیئر: