Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوگا ماسٹر سعودی جوڑا جو ورزش کو ہر گھر تک پہنچانا چاہتا ہے

رضاکارانہ کلاسز کے ساتھ کمیونٹی کے لیے مفت کورسز کی پیش کش کی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی نوجوان جوڑا خالد الزہرانی اور حائفہ مہزاری ایسی شخصیات ہیں جو یوگا کی مشقوں کے فوائد ہر گھر تک پہنچانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس جوڑے نے 2019 میں جدہ میں آنند یوگا سٹوڈیو شروع کرنے سے پہلے یوگا کی تحقیق اور مشق کرنے میں برسوں گزارے۔
حائفہ مہزاری نے بتایا کہ رضاکارانہ کلاسز کے ساتھ ہم نے کمیونٹی کے لیے مفت کورسز کی پیش کش کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوگا کا دماغ اور جسم پر نمایاں اثر پڑتا ہے اور ہم ہر عمر کے افراد کے لیے یوگا کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
یہ ایسی ورزش ہے جو ہر ایک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے اور کسی بھی عمر میں کی جا سکتی ہے۔
حائفہ نے مزید بتایا کہ جب پہلی بار خالد الزہرانی سے ملی تو مجھے یوگا کے بارے میں بہت کم علم تھا اور انہوں نے مجھے یوگا مشقیں کرنے کی ترغیب دی۔
یوگا مشقوں کے ساتھ اس ورزش کے بارے میں کتابیں پڑھنے اور تحقیق کرنے سے اس کی اہمیت اور صحت سے متعلق فوائد کو محسوس کیا۔
خالد الزہرانی نے جن یوگا انسٹرکٹرز سے تربیت حاصل کی ان میں سعودی یوگا کمیٹی کی صدر پدم شری ایوارڈ یافتہ نوف المروعی سرفہرست ہیں جنہوں نے ان کی لگن اور جنون کو دیکھا۔

یوگا ورزش کرنے سے دماغ اور جسم پر بہتر اثرات پڑتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

خالد الزہرانی نے مزید بتایا کہ میں نے 200 گھنٹے کا انسٹرکٹر سرٹیفکیٹ اور 500 گھنٹے کا ماسٹر سرٹیفکیٹ حاصل کیا اور میرے پاس ایک لیول ون اور ٹو ہمالیائی مراقبہ کا سرٹیفکیٹ بھی ہے۔
حائفہ الزہرانی نے 2023 میں یوگا ٹورنامنٹ میں بھی حصہ لیا جس میں سونے اور چاندی کا تمغہ حاصل کیا اس کے بعد 2024 میں دو سونے، دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا۔
سعودی یوگا کمیٹی نے یوگا ٹورنامنٹ کا انعقاد سعودی وزارت کھیل کی نگرانی میں کیا تھا۔

الزہرانی کو آنندا یوگا کے لیے سعودی یوگا کمیٹی کا تعاون حاصل ہے۔ فوٹو عرب نیوز

خالد الزہرانی نے بتایا ہے کہ مملکت میں یوگا مشقوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اس ورزش سے جسمانی اور روحانی طور پر صحت مند کمیونٹی فروغ پائے گی۔
سعودی یوگا آسنا چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد خالد الزہرانی کو آنندا یوگا کھولنے کے لیے کمیٹی کا تعاون حاصل ہوا ہے۔
بین الاقوامی یوگا سپورٹس فیڈریشن کی جانب سے خالد الزہرانی کو اپریل میں اعٰلی درجے کے بین الاقوامی یوگا آسن کوچ سرٹیفیکیشن پروگرام میں سکالرشپ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

شیئر: