شاہ سلمان مرکز کا یمن کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ معاہدہ
جمعرات 18 اپریل 2024 20:00
غذائی قلت کا شکارافراد کے لیے 4 ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے (فوٹو، ایس پی اے)
یمن میں قلت خوراک سے نمٹنے اور متاثرین کو مناسب غذا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے شاہ سلمان مرکز اور عالمی ادارہ خوراک میں معاہدے پردستخط کیے گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے یمن میں خوراک کی قلت کے حوالے سے جاری رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ غذائی قلت کے باعث شیر خوار بچے اور حاملہ خواتین کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ 4 ملین 85 ہزار ڈالر کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت یمن میں متاثرین کی امداد کےلیے غذائی ضرورتوں کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
معاہدے پر شاہ سلمان مرکز کے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام کی سی ای او سینڈی مکین نے دستخط کیے ہیں۔
غذائی ضرورتوں کی فراہمی کے حوالے سے پروگرام کے تحت ان علاقوں پر فوری توجہ دی جائے گی جہاں شدید غذائی قلت ہے۔ شیرخوار بچوں کی ماوں کے لیے فوڈ سپلیمنٹس بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ بچوں کی بہتر نشوونمو کو یقینی بنایا جاسکے۔
ایک اندازے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم سے 86 ہزار سے زائد افراد مستفیض ہوں گے۔