مملکت کے متعدد شہروں میں جمعہ سے منگل تک بارش کا امکان
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کیاجائے(فوٹو، ایکس)
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ مملکت کے متعدد علاقوں میں جمعہ سے منگل تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔ متوقع بارشوں کے حوالے سے شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کیا جائے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہری دفاع نے موسمیاتی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے متعدد علاقے جن میں طائف ، میسان ، اضم ، العرضیات ، الخرمہ ، رنیہ ، تربہ ، المویہ بارش اور تیز ہوا کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
موسمیاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاض ریجن اور وادی الدواسر کے علاوہ عفیف ، شقراء ، الغاط ، الزلفی ، المجمعہ ، ثادق ، الدوادمی ، القویعیہ ، الدرعیہ ، حریملاء ، ضرما ، المزاحمیہ ، الحریق ، الخرج ، حوطہ بنی تمیم اور الفلاج کمشنری میں کہیں ہلکی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
جازان، نجران ، عسیر اور الباحہ ریجن میں بھی بارش اورژالہ باری کی توقع ہے جبکہ بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔
مدینہ منورہ کے بعض علاقوں کے علاوہ حائل ، قصیم ، حدود الشمالیہ اور مشرقی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ متوقع بارش کے پیش نظر شہری دفاع نے شہریوں اورغیرملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلا ضرورت سفر نہ کریں اور سیلابی پانی کی گزر گاہوں سے دور رہیں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال میں مبتلا نہ ہوں۔