اسٹیبلشمنٹ نے ہمیشہ سیاستدانوں کو آپس میں لڑایا: مولانا فضل الرحمان
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’ملک کو جمہوریت کے لیے حاصل کیا گیا، لیکن جمہوریت کہیں نظر نہیں آ رہی۔‘ (فائل فوٹو اے ایف پی)
جمعیت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ’سیاست دانوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ یہ ہماری اندرونی لڑائی نہیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے ہمیشہ سیاستدانوں کو آپس میں لڑایا۔ سیاستدان کرسی کے لیے لڑائی چھوڑ دیں۔‘
سنیچر کو پشین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے کل بھی غلط کو غلط کہا تھا آج بھی کہتے ہیں۔ اس جعلی حکومت کو اقتدار میں نہیں رہنے دیں گے۔‘
’حکمران بتائیں کہ بلوچستان اسمبلی کتنے میں خریدی ہے۔ بتایا جائے کہ اسمبلی 70 ارب میں یا 80 ارب میں خریدی ہے۔ یہ بھی بتایا جائے کہ سندھ اور کے پی کی اسمبلی کتنے میں خریدی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’8 فروری 2024 کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔ 2018 میں دھاندلی ہوئی تو ہم نے چار سال تک تحریک چلائی۔ ایک بار پھر شرمناک دھاندلی 2024 میں ہوئی۔ ایک بار پھر جعلی نمائندوں کو اسمبلی بیجا گیا۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’اب عوام براہ راست اسمبلی لگائیں گے۔ وقت آگیا ہے کہ مجرم کو مجرم کہنا پڑے گا۔ ملک کو سیکولر سٹیٹ بنایا جارہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ملک کو جمہوریت کے لیے حاصل کیا گیا، لیکن جمہوریت کہیں نظر نہیں آ رہی۔ ملک کو خوشحالی کے لیے حاصل کیا گیا مگر آج خوشحالی کہیں نظر نہیں آ رہی۔‘