Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا بارشوں سے متاثرہ گھروں کی مرمت کے لیے 54 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان

اماراتی وزیراعظم  نے کہا کہ ’ایک وزارتی کمیٹی کو تفویض کیا گیا تھا کہ وہ اس کام کی پیروی کرے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات نے گذشتہ ہفتے کی شدید بارشوں سے متاثر ہونے والے مکانات کی مرمت کے لیے 54 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کابینہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ ’ہم نے شدید بارشوں سے نمٹنے میں بہت سبق سیکھا۔ شہریوں کے گھروں کو پہنچنے والے نقصان سے نمٹنے کے لیے دو ارب درہم کی منظوری دی ہے۔‘
بدھ کو کیے جانے والا یہ اعلان امارات میں ہونے والی شدید بارشوں کے ایک ہفتے کے بعد آیا ہے جب سڑکیں ندیوں میں بدل گئیں اور دبئی ایئرپورٹ کو پر آپریشنز روکنا پڑا۔
اماراتی وزیراعظم  نے کہا کہ ’ایک وزارتی کمیٹی کو تفویض کیا گیا تھا کہ وہ اس کام کی پیروی کرے اور باقی وفاقی اور مقامی حکام کے تعاون سے معاوضہ ادا کرے۔‘
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’کابینہ کے وزراء نے انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگانے اور حل تجویز کرنے کے لیے ایک دوسری کمیٹی بھی تشکیل دی۔ صورتحال اپنی سنگینی میں بے مثال تھی لیکن ہم ایک ایسا ملک ہیں جو ہر تجربے سے سیکھتا ہے۔‘
طوفان بدھ کو تھم گیا تھا لیکن دبئی کو کئی دنوں تک پانی سے بھری سڑکوں اور سیلاب زدہ گھروں کے ساتھ شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دبئی ایئرپورٹ نے 21 سو سے زائد پروازیں منسوخ کیں، 115 کا رخ موڑ دیا اور منگل تک پوری صلاحیت پر واپس نہیں آیا تھا۔

شیئر: