Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے کئی علاقے جمعرات سے منگل تک بارش کی زد میں رہیں گے

بارش کا سلسلہ آئندہ ماہ کے آغاز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ جمعرات 25 اپریل سے منگل تک مملکت کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
عاجل ویب  کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے کہا کہ مکہ ریجن کا علاقہ گرد آلود ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کی زد میں ہوگا۔ مکہ ریجن میں جدہ، رابغ، طائف، میسان، اضم، العرضیات، المویہ، الخرمہ، رنیہ، تربہ، خلیص، الکامل، الجموم، بحرہ، اللیث، القنفذہ کے علاقے بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
ریاض ریجن میں عفیف، الدوادمی، مرات، شقرا، الغاط، الزلفی، المجمعہ، ثادق، القویعیہ،وادی الدواسر میں بارش کا امکان ہے جبکہ المزاحمیہ، ضرما، الدرعیہ، الحریق، حوطہ بنی تمیم، الخرج اور الافلاج علاقے بھی بارش کی زد میں رہیں گے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جازان، نجران، عسیر، الباحہ، مدینہ منورہ، تبوک، حائل، القصیم، الجوف، شمالی حدود میں درمیانے درجے کی بارش، تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ الشرقیہ ریجن میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کا امکان  ہے۔
قومی مرکز کی رپورٹ کے بعد شہری دفاع نے الرٹ جاری کیا ہے جمعرات سے منگل تک بارش سے متاثرہ علاقوں میں احتیاط اور محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ شہری اور غیرملکی سیلابی اور دلدل والے مقامات اور وادیوں میں جانے سے گریز کریں۔ شہری دفاع نے ایس ایم ایس کے ذریعے بھی مطلع کرنا شروع کردیا ہے۔
 الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے موسمیات کے قومی مرکز کے تجزیہ کار عقیل العقیل  نے کہا کہ جمعرات سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ آئندہ ماہ کے آغاز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
 مکہ ریجن کے ساحلی علاقوں جدہ، رابغ میں جمعے کی شام سے اتوار تک بارش کے امکانات ہیں جبکہ پیر کو بھی بارش جیسی صورتحال  رہے گی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: