ریاض.... وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے مکہ مکرمہ اور جدہ میں غیر معیاری پیٹرول فروخت کرنے والے اسٹیشن بند کرادیئے۔ وزارت کے افسران نے جدہ کے الحرازات محلے کے ایک پیٹرول اسٹیشن کا دورہ کرکے پیٹرول کے نمونے چیک کئے تو پتہ چلا کہ 91اور 95 کو ملا کر 95کے طورپرفروخت کیا جارہا ہے۔ پانی بھی بھرا ہوا تھا۔وزارت نے پیٹرول اسٹیشن کے مالک کو ہدایت دی کہ وہ ملاوٹی پیٹرول سے متاثر صارفین کی گاڑیوں کی مرمت اپنے خرچ پر کروائے۔ مکہ مکرمہ میں کنگ عبداللہ روڈ پرواقع پیٹرول اسٹیشن پر چھاپے کے بعد بھی مذکورہ صورتحال سامنے آئی۔ اسے بھی بند کردیا گیا اور اسٹیشن کے انچارج کو قانونی کارروائی کیلئے طلب کرلیا گیا۔