Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایم ایف کی آخری قسط کی منظوری، مزید معاشی استحکام آئے گا، وزیراعظم

ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقعے پر وزیراعظم اور آئی ایم ایف کی ڈایریکٹر نے ملاقات کی۔ (فوٹو: پی ایم ہاؤس)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔
یہ ​​آئی ایم ایف کے ساتھ تین ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی معاہدے کی دوسری اور آخری قسط ہے۔
یہ منظوری اتوار کو ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کے قرض کے ایک نئے پروگرام پر بات چیت کے ایک دن بعد سامنے آئی۔
پیر کو وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی جانب سے آخری مالیاتی قسط کے جاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
’2016 میں میرے قائد نوازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، یہ ایس بی اے دوسرا پروگرام ہے جو مکمل ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا۔ پاکستان کے معاشی تحفظ کے لیے تلخ اور مشکل فیصلے کیے لیکن ان کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت سامنے آرہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’قرض لینا کامیابی نہیں، کامیابی اس دن ہو گی جس دِن قرض سے نجات پائیں گے۔‘
وزیراعظم کی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ’آئی ایم ایف کی ایم ڈی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا۔‘
رواں ماہ پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے ساتھ طویل المدتی معاہدے کی توقع ظاہر کی تھی۔
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے نئے قرض کے لیے معاملات پر مئی میں پیش رفت ہو گی۔

شیئر: