انہوں نے کہا تھا کہ ’میں نے ہیرا منڈی کی پیشکش کو ٹھکرایا نہیں تھا لیکن وہ پروجیکٹ بنا نہیں۔‘
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر عمران عباس پر جھوٹ بولنے کے الزامات لگائے گئے اور انہیں منفی انداز میں ٹرول کیا گیا تاہم اس بات کی تصدیق سنجے لیلا بھنسالی نے خود کر دی ہے کہ انہوں نے عمران عباس کو کاسٹ کرنے کے بارے میں سوچا تھا۔
سنجے لیلا بھنسالی نے پیر کو لاس اینجیلس میں منقعد کیے گئے سیریز کے پریمیئر میں کہا کہ ’ہیرا منڈی بنانے کا خیال میرے ذہن میں 18 برس سے تھا۔ میرے ذہن میں مختلف اداکاروں کو کاسٹ کرنے کا خیال تھا۔ میں نے پہلے ریکھا کے بارے میں سوچا، پھر کرینہ کپور اور رانی مکرجی کے بارے میں سوچا۔‘
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ’اس وقت میں یہ فلم بنانا چاہتا تھا۔ پھر میں نے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے بارے میں سوچا جبکہ عمران عباس اور فواد خان کو بھی کاسٹ کرنے کا ارادہ کیا۔‘
’ہیرا منڈی‘ کی کاسٹ میں منیشا کوئرالا، سناکشی سنہا، آدیتی راؤ حیدری، رِیچا چڈھا، سنجیدہ شیخ شامل ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اس بیان کے بعد عمران عباس بیان جاری کیا کہ ’میں سنجے لیلا بھنسالی کا ممنون ہوں جنہوں نے اس بات کی وضاحت کی۔ میں پیارے انٹرنیٹ صارفین اور یوٹیوبرز سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ اُن دیگر ہدایت کاروں سے جا کر اس بات کا پتہ کریں کہ جن کی آفرز کے بارے میں میں نے بتایا ہے وہ سچی ہیں یا نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سب سے دکھ کی بات مجھ پر یقین نہ ہونا نہیں بلکہ مجھے جھوٹا سمجھنا ہے۔‘
دوسری جانب ویب سیریز کی کاسٹ میں منیشا کوئرالا، سناکشی سنہا، آدیتی راؤ حیدری، رِیچا چڈھا، سنجیدہ شیخ، فردین خان، شرمِن سیگل اور شیکھر سُمن شامل ہیں۔