لالیگا ایف سی فیوچر ٹورنامنٹ سعودی وزارت کھیل کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا جس میں ہسپانوی کلبوں سمیت 12 ٹیموں نے حصہ لیا۔
اس ٹورنامنٹ میں ای اے سپورٹس لا لیگا کی آٹھ ٹیمیں بارسلونا، کیڈیز، ایٹلیٹکو، میڈرڈ، سیویلا، ولاریال، ریئل بیٹس اور اوساسونا شامل تھیں۔
اس کے علاوہ اٹلی کی اے ایس روما، پرتگال کی ایس ایل بینفیکا، فرانس کی اولمپک ڈی مارسیلی اور سعودی عرب کی مھد اکیڈمی نے حصہ لیا۔
گذشتہ ہفتے بارسلونا سعودی فیوچر فالکنز کے وفد کا استقبال کرنے والا تازہ ترین ہسپانوی کلب بن گیا۔
اس موقع پر مملکت کی ٹیم نے ڈینی جرک سپورٹس سٹی میں لا لیگا ریزرو ٹیم کو 2-3 گول سے شکست دی۔
لالیگا کی مینیجنگ ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ (مینا) مائیٹ وینٹورا نے کہا ہے کہ مستقبل میں مزید پراجیکٹس سامنے آنے والے ہیں جو لالیگا برانڈ بڑھانے کے مشن کا حصہ ثابت ہوں گے۔
مائیٹ وینٹورا نے دبئی میں لالیگا کے ہیڈ کوارٹر میں بتایا کہ ریاض میں حالیہ فیوچرز ایف سی ٹورنامنٹ اور ہسپانوی لیگ کے برانڈ و کلبوں کو فروغ دینے کے بارے میں بھی بات کی ہے۔
وینٹورا کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں مملکت کی 80 فیصد آبادی فٹبال سے محبت کرتی ہے اور یہاں لالیگا کی مقبولیت بہت زیادہ ہے، اس لیے ہم وہاں رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ’سعودی عرب فٹبال کے حوالے سے خطے کے اہم ممالک میں سے ایک ہے اس لیے ہمارے لیے وہاں ہونا بہت اہم تھا اور صرف ایک چھوٹے پروجیکٹ کے ساتھ ہم وہاں نہیں رہنا چاہتے ہمارے پاس بہت سے مختلف پراجیکٹس ہیں۔
سعودی وزارت کھیل اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ہم نے حال ہی میں ریاض میں ایف سی فیوچر ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا، ہم ایسے ممالک میں رہنا چاہتے ہیں جہاں لالیگا کے پرستار موجود ہوں۔