Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر ریاض نے 2.8 ارب ریال کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا

اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ اور اعلی عہدیدار موجود تھے۔ (فوٹو روڈز جنرل اتھارٹی ایکس اکاؤنٹ)
گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر نے پیر کو 2.8 ارب ریال کے سڑکوں کے 30 مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا جن کی لمبائی 1020 ہے۔
اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز انجینیئر صالح الجاسر کے علاوہ کئی اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔
اخبار 24 کے مطابق گورنر ریاض نےمنصوبوں کے افتتاح کے بعد قصر الحکم میں اپنے دفتر میں کہا کہ ’یہ منصوبے شہریوں کی خدمت کے لیے جلد از جلد مکمل کیے گئے ہیں۔
ان منصوبوں کی تکمیل  کا مقصد ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کے شعبے میں اعلی قیادت کی دلچسپی کا اظہار ہے‘۔
 وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجاسر نے کہا کہ ’یہ منصوبے خطے میں تجارتی، اقتصادی اور سیاحتی سرگرمیوں کو  بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے‘۔
ان منصوبوں میں ریاض،الرین، بیشہ روڈ کی توسیع شامل تھی جس کی لمبائی 560 کلو میٹر ہے۔ اس پر ایک ارب ریال کی لاگت آئی ہے۔
اس کے علاوہ الخرج گورنریٹ کے مشرقی بائی پاس کو دو رویہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسے دمام ایکسپریس وے سے ملا دیا گیا ہے۔ اس کی لمبائی 102 کلو میٹر ہے۔ اس پر 602 ملین ریال لاگت آئی ہے۔
ایک اور منصوبہ نیشنل گارڈ کے کنگ سعود کالج کی طرف جانے والے داخلی اور خارجی راستوں کو بہتر اور چوڑا کرنا تھا۔ اس کی لمبائی 20 کلو میٹر ہے۔اس پر 274 ملین ریال لاگت آئی ہے۔
ریاض، خریص،الاحسا روڈ کو دو رویہ کیا گیا ہے۔ اس کی لمبائی 68 کلو میٹر ہے۔ اس پر 105 ملین ریال کی لاگت آئی ہے۔
افتتاحی تقریب میں علاقائی کونسل کے سیکریٹری جنرل علوش بن فارس السبیعی اور ریاض گورنریٹ میں اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے ترقیاتی امور انجینیئر سلمان الضلعان بھی موجود تھے۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: