Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیر کویت نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی، بعض آئینی شقیں معطل

نیشنل سوشل سکیورٹی قوانین پرنظر ثانی کی جائے گی ( فوٹو: کونا)
امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے جمعے کو قومی اسمبلی تحلیل کر کے آئین کی بعض شقوں کو چار سال کےلیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق امیر کویت شیخ مشعل نے سرکاری ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ ’ہم نیشنل سوشل سکیورٹی قوانین پر نظرثانی کریں گے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔‘ 
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ریاست دو بنیادی ستونوں پرقائم ہے جن میں عدلیہ اور امن ہے۔‘
امیر کویت نے مزید کہا کہ ’سکیورٹی اہلکاروں کا احترام ہی دراصل قانون کو تسلیم کرنا ہے، ان کے وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔‘
’ہمارا ملک مشکل وقت سے گزرا ہے، جس نے زندگی کے تمام پہلووں پر اثرات چھوڑے۔ یہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ان مشکل حالات سے نکلنے کے لیے آگے بڑھ کر کام کریں۔‘
شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کا کہنا تھا ’ ہمارے پاس ملک کوبچانے اور اس کے اعلی قومی مفادات اور قوم کے وسائل کے تحفظ کے لیے یہ سخت فیصلہ لینے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کچھ نمائندے اس حد تک تجاوز کر گئے تھے کہ وہ اختیارات میں بھی مداخلت کرنے لگے۔‘
امیر کویت کے مطابق ’ملک کے مفادات کو نقصان پہنچانا اور عوامی پیسے کو ضائع کرنے کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔‘
’کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، جو بھی سرکاری رقم کے ناجائز استعمال میں ملوث ہوا اسے سزا دی جائے گی۔ خواہ اس کا عہدہ کچھ بھی ہو۔‘
انہوں نے وضاحت کی کہ ’امن و تحفظ بہت اہم مسئلہ ہے، اس پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔‘
شیخ مشعل الاحمد الجابر نے ان افراد کی گرفتاری کا بھی اعلان کیا جو غداری کے مرتکب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ’ملک کو تباہ کرنے کے لیے جمہوریت کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔‘
کویتی خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق قومی اسمبلی کے اختیارات امیر اور ملکی کابینہ سنبھالے گی۔

شیئر: