Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی مسام پروجیکٹ: یمن میں مزید 719 باردودی سرنگیں صاف

اپریل میں ہٹائی جانے والی بارودی سرنگوں کی تعداد دو ہزار 756 ہوگئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے 27 اپریل سے 3 مئی 2024 کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید 719 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
 ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے یمن کے مختلف علاقوں سے دو اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں، 631 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز اور تین دھماکہ خیز ڈیوائسز کو تباہ کیا ہے۔
مارب، لحج، صعدہ، البیضا، الضالع، شبوہ، تعز، الحدیدہ اور دیگر علاقوں سے بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ 
 2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 39 ہزار132 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
اپریل کے مہینے میں ہٹائی جانے والی بارودی سرنگوں کی تعداد بڑھ کر دو ہزار 756 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
جون 2022 میں مسام پروجیکٹ کے معاہدے کو 33.29 ملین ڈالر کی لاگت سے مزید ایک سال کے لیے بڑھایا گیا ہے۔
یہ پروجیکٹ مقامی انجینیئرز کی بھی تربیت اورانہیں جدید آلات فراہم کرتا ہے جبکہ باردودی سرنگوں کی زد میں آنے والے یمنی شہریوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔

شیئر: