سعودی نوجوان کی انڈونیشیا میں گھریلو خادمہ کی شادی میں شرکت، قیمتی تحائف دیے
الاحسا کے ایک سعودی نوجوان نے انڈونیشیا میں گھریلو خادمہ مریم کی شادی کی تقریب میں شرکت کی جو گذشتہ 30 برس سے خدمات انجام دے رہی تھی۔
العربیہ چینل کے مطابق سعودی نوجوان ریاض العطیہ گھریلو خادمہ کی شادی کی تقریب کے لیے خصوصی طور پر انڈونیشیا پہنچا جہاں تمام رسوم میں شرکت کی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سعودی نوجوان دلہن (خادمہ) کے ہمراہ سٹیج پر پہنچ کراسے دولہا کے سپرد کرتا ہے بعدازاں روایتی رقص میں بھی شرکت کرتا ہے۔
سعودی نوجوان نے خادمہ کو سونے کا سیٹ اور دس ہزار ریال تحفے کے طور پر دیے۔
ریاض العطیہ نے خادمہ کی شادی میں شرکت کے لیے انڈونیشیا جانے کے حوالے سے کہا کہ خادمہ کو گھر میں کام کرتے تیس سال ہوچکے ہیں انہوں نے اس وقت میری دیکھ بھال کی جب میں دو برس کا تھا۔
انڈونیشی خادمہ کا کہنا ہے شادی کے بعد بھی اپنے شوہر کے ہمراہ مملکت میں کام کرنے اور رہنے کا ارادہ ہے۔ یہاں کے لوگ مجھے خاندان کا حصہ سمجھتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سعودی نوجوان کی وڈیو کوغیرمعمولی طور پر پذیرائی مل رہی ہے۔