’پاکستان چین تزویراتی شراکت دار، تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے‘
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ’سی پیک 10 برس سے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے سٹریٹیجک مذاکرات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’چین اور پاکستان کے درمیان دوستی مضبوط تر ہو رہی ہے۔‘
پاکستان اور چین کے درمیان بیجنگ میں سٹریٹیجک مذاکرات کے پانچوں دور کے اختتام پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقعے پر پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’پاکستان اور چین کے درمیان اہم امور پر بات چیت ہوئی۔ سی پیک سیمت دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور ہوا۔ سی پیک تھرڈ پارٹی پروٹیکشن پر کام جاری ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سی پیک 10 برس سے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اب دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بلندیوں پر لے جانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’علاقائی امن کی کوششوں میں چین کا کردار بہت اہم ہے۔ پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور ترقی کے لیے چین کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر ہم چین کے شکرگزار ہیں۔‘
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ ’پاکستان اور چین کی دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔ ہمارے تعلقات علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔‘
’چین اور پاکستان تزویراتی شراکت دار ہیں اور ان کے درمیان دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے۔‘
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کی جانب سے گرمجوشی کے ساتھ استقبال کو سراہتے ہوئے کہا ’پاکستانی وفد کی بہترین مہمان نوازی پر چینی قیادت کا شکرگزار ہوں۔‘