سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے مشرقی شہر ظہران میں ملاقات کی ہے۔
اتوار کو سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے کہا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات اور مختلف شعبوں میں ان کو بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
ایس پی اے نے کہا ہے کہ ’دیرپا جنگ بندی اور غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلاتعطل رسائی سمیت مسئلہ فلسطین کا قابل اعتبار حل تلاش کرنے کی کوششوں اور دو ریاستی حل جو فلسطینی عوام کی خواہشوں اور جائز حقوق پر پورا اترے، پر بھی بات ہوئی۔‘