حج 2024 کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کے وزیر مذہبی امور مکہ میں
چوہدری سالک حسین رواں ہفتے حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مدینہ پہنچے تھے۔ (فوٹو: پاکستان حج مشن)
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مکہ پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ مئی سے قبل از حج فلائٹ آپریشن شروع ہونے بعد اب تک 93 پروازوں کے ذریعے 22 ہزار 696 عازمین حج مدینہ پہنچے ہیں۔
حج اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک ہے اور زندگی میں ایک مرتبہ ہر مسلمان پر فرض ہے تاہم اگر وہ مالی اور جسمانی طور پر استطاعت رکھتا ہو۔
اتوار کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین آج سعودی اداروں، کیٹرنگ کمپنیوں اور عازمین حج کی رہائش گاہوں کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد وزیر مذہبی امور پاکستان حج مشن مکہ کا دورہ کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق چوہدری سالک حسین جو رواں ہفتے کے آغاز میں حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مدینہ پہنچے تھے، آج سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
سعودی حکام کے خصوصی تعاون سے 11 ہزار سے زائد عازمین نے مدینہ میں ریاض الجنہ کی زیارت کی۔
عازمین حج کے اولین قافلے آٹھ روزہ قیام کے بعد مکہ کی جانب عازم سفر ہیں۔
رواں برس پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے، جن میں سے 63 ہزار 805 افراد سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے جبکہ باقی عازمین پرائیویٹ حج سکیم کے تحت جائیں گے۔
پاکستان سے براہ راست جدہ کے لیے حج پروازوں کا آغاز 23 مئی سے ہو گا۔