بالاکوٹ میں جنگلی ریچھ کے حملے میں خاتون ہلاک، لواحقین کا احتجاج
جمعرات 23 مئی 2024 20:12
فیاض احمد، اردو نیوز۔ پشاور
پولیس سے مذاکرات کے بعد مرنے والی خاتون کے لواحقین نے احتجاج ختم کردیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے قصبے بالاکوٹ میں ریچھ کے حملے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔
پولیس کے مطابق جمعرات کو صبح 8 بجے بالاکوٹ کے علاقے جگن میں ایک ریچھ نے حملہ کرکے رضیہ نامی خاتون کو شدید زخمی کردیا تھا۔
’رضیہ کو زخمی حالت میں بالاکوٹ ہسپتال پہنچایا گیا جنہیں ڈاکٹروں نے مانسہرہ ہسپتال بھجوایا دیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔‘
خاتون کی ہلاکت کے بعد اُن کے لواحقین نے تھانے کے باہر لاش رکھ کر احتجاج کیا۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ ’اب علاقے میں ریچھ کے حملے معمول بنتے جا رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے محکمہ جنگلی حیات کے حکام کوئی اقدامات نہیں کر رہے۔‘
انہوں ںے پولیس سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ سرکل کے وائلڈ لائف عملے کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
شہریوں نے پولیس پر واضح کیا کہ اگر انہیں آئندہ آبادی کے آس پاس کوئی ریچھ نظر آیا تو وہ اسے گولی مار دیں گے۔
بعدازاں ڈی ایس پی محمد فاروق نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور ان کی یقین کی یقین دہائی پر لواحقین نے احتجاج ختم کردیا۔
ڈی ایس پی محمد فاروق کا کہنا تھا کہ 35 سالہ خاتون 3 بچوں کی ماں تھیں۔ ان کی سب سے چھوٹی بچی کی عمر دو ماہ ہے۔
’متعلقہ وائلڈ لائف واچر اور رینج افسر کو طلب کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ کسی کی غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔‘