رفح پر اسرائیلی حملے: او آئی سی کا سلامتی کونسل سے ’ذمہ داریاں ادا کرنے کا مطالبہ‘
رفح کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملوں میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں شہریوں کے ’بہیمانہ قتل عام‘ کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
منگل کو اسلام تعاون تنظیم کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے ایک بیان میں او آئی سی نے اس اقدام کو جنگی جرم، انسانیت کے خلاف جرم اور منظم ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
او آئی سی نے کہا کہ اس کے لیے مجرم کو بین الاقوامی فوجداری قانون کے مطابق جواب دہ اور ذمہ دار ٹھہرانا چاہیے۔
رفح کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملوں میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے اسرائیلی قابض کو اس کے جرائم، دہشت گردانہ طرز اقدامات اور فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ حملوں کے نتائج کا ذمہ دار ٹھہرایا، جو تمام انسانی اقدار سے متصادم ہیں اور بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔
او آئی سی نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو مجبور کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے، اس اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے کے لیے بین الاقوامی عدالت انصاف کے احکامات پر عمل درآمد کرے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ رفح کراسنگ کو کھولا جائے اور زمین، سمندر اور فضا کے ذریعے امداد پہنچانے کے لیے رسائی کی اجازت دی جائے۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلسطینی شہریوں کے لیے بین الاقوامی اصولوں کے مطابق تحفظ یقینی بنایا جائے۔
عرب نیوز کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین طٰحہ نے کہا ہے کہ تنظیم اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف ظالمانہ جرائم، اس کے اقدامات کو انسانی اصولوں کے خلاف اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے کہا ہے کہ ’ہم اس نئے جرم کو بین الاقوامی عدالتوں میں پیش کرتے ہیں تاکہ ان جنگی جرائم کو سامنے لانے اور فرد جرم عائد کرنے کے لیے شواہد کو تقویت دی جا سکے۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے بھی اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے وحشیانہ قتل عام کی شدید مذمت کی۔