سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے’ گاڑیوں میں نصب درجہ حرارت نانپنے والے میٹرز پر مکمل طور پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ اتنے حساس نہیں ہوتے جو مرکز کے پاس ہیں‘۔
ریاض میں بعض افراد کی جانب سے گاڑیوں میں لگے درجہ حرارت پرآنے والی ریڈنگ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ دوپہر کو 50 اور 49 ڈگری ہے۔
سبق نیوز کے مطابق جب موسمیاتی مرکز سے اس حوالے سے دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا تھا ’ یہ سو فیصد درست نہیں ہوتے اس لیے ان پراعتبار کرنا ممکن نہیں‘۔
واضح رہے موسم گرما کے شروع ہوتے ہیں مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے مملکت میں موسمی کمیٹی کے رکن علی مشہور کا کہنا تھا ’اس سال مملکت کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے‘۔