سعودی عرب میں گرمی بڑھے گی، درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ پہنچنے کا امکان
سرکاری اداروں کے تعاون سے احتیاطی ہدایات جاری کردی گئی ہیں (فائل فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے ’مملکت بھر میں سنیچر سے باقاعدہ موسم گرما کا آغاز ہو جائے گا‘۔
عکاظ نے موسمیات کے قومی مرکز کے حوالے سے بتایا کہ موسم گرما کے باقاعدہ آغاز کے حوالے سے دیگر سرکاری اداروں کے تعاون سے احتیاطی ہدایات جاری کردی گئی ہیں‘۔
احتیاطی تدابیر کے بارے میں متعلقہ اداروں کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث شدید دھوپ میں کارکنوں سے کام نہ لیا جائے۔
قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا کہ’ یکم جون سے موسم گرما کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا جس میں گرمی میں اضافہ ہوگا جبکہ پہاڑی مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے‘۔
ترجمان نے کہا’ موسمیاتی مرکز کی جانب سے درجہ حرارت کو ریکاڈ کرنے اور موسم کے بارے میں بروقت اطلاع فراہم کرنے کےلیے جدید آلات سے آراستہ لیبارٹریز کی سہولت فراہم کی گئی ہے جو مصنوعی سیاروں کے ذریعے موسمی حالات کی رپورٹس ارسال کرتے ہیں‘۔
علاوہ ازیں متحرک یونٹس بھی مختلف شہروں اور مقامات پر موجود ہیں جو درجہ حرارت کے بارے میں فوری رپورٹس ارسال کرتے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق سعودی موسمیاتی کمیٹی کے رکن علی مشہور کا کہنا ہے ’اس سال مملکت کے وسطی اور مشرقی علاقے میں درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سیلیس تک پہنچنے کا امکان ہے‘۔