ایشیائی عازم حج کی اوپن ہارٹ سرجری، ہزاروں عازمین کو طبی خدمات فراہم
شعبہ ایمرجنسی میں اب تک دو ہزار 228 عازمین لایا گیا ہے۔(فوٹو: عاجل)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں یکم سے 23 ذوالقعدہ کے دوران 23 ہزار 510 عازمین حج کو صحت مراکز میں طبی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق مسجد نبوی کے اطراف اور مرکزیہ میں قائم ہیلتھ سینٹرز سے 21 ہزار 222 عازمین نے صحت خدمات حاصل کیں۔
ہسپتالوں کے شعبہ ایمرجنسی میں اب تک دو ہزار 228 عازمین لایا گیا ہے۔
اس دوران ایک ایشیائی عازم حج کی پہلی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی جبکہ 50 کیتھٹرائزیشن آپریشن کیے گئے۔
مختلف ملکوں کے تعلق رکھنے والے 52 عازمین کو سرجری کی ضرورت تھی۔ 86 ڈائیلائسز کیے گئے۔
علاوہ ازیں 17 ہزار سے زیادہ عازمین حج کوالیکڑانک ذرائع، ڈیجیٹل سکرینوں اور فیلڈ ٹورز کے ذریعے صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔
یاد رہے کہ مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، حرمین ٹرین سٹیشن، شٹل بس سروس، عازمین کے استقبالیہ مراکز، مختلف مالز، ہیلتھ سینٹرز سمیت کئی مقامات پر 97 سمارٹ ڈسپلے سکرینں لگائی گئی ہیں۔
پانچ مختلف زبانوں عربی، انگریزی اردو، فرانسیسی اور فارسی میں صحت آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ مختلف میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
طبی ٹیموں کی جانب سے ان مقامات پر فیلڈ ٹورز کیے جاتے ہیں جہاں عازمین اکثر آتے ہیں، ان میں ہوٹلز شامل ہیں۔
عازمین کو براہ راست سورج کی تپش سے بچنے، گرمی، تھکن، پانی کی کمی، فوڈ پوائزنگ، ابتدائی طبی امداد، حفظان صحت اور دیگر صحت موضوعات پر آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔