الفیصلیہ میں گرنے والی عمارت کے ملبے میں دبے افراد کی تلاش جاری
’ملبے سے تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ایک خاتون اور بچے کو بچالیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ کے علاقے الفیصلیہ میں جمعرات کی شام گرنے والی پانچ منزلہ عمارت کے ملبے سے مزید افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق متاثرہ عمارت میں 13 فلیٹ تھے جن میں رہنے والے افراد کی مجموعی تعداد کا علم نہیں ہوسکا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت کے تہہ خانے میں مرمت کا کام جاری تھا جس کے باعث عمارت منہدم ہوگئی۔
جائے حادثہ پرموجود عینی شاہدین نے بتایا انہوں نے عمارت گرنے کی تیز آواز سنی اس کے بعد لوگوں کی چیخ و پکار سنائی دی۔
منہدم ہونے والی عمارت دراصل ایک رہائشی بنگلہ تھا جس پر فلیٹ تعمیر کیے گئے اور اسے پانچ منزلہ عمارت بنا دیا گیا۔
شہری دفاع کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ’ملبے سے تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ایک خاتون اور بچے کو بچالیا گیا ہے‘۔
واضح رہے جمعرات کو الفیصلیہ کے علاقے میں رہائشی عمارت کے گرنے کی اطلاع موصول ہونے پر شہری دفاع اور دیگر ادارے کی ٹیمیں جائے وقوعہ پرپہنچ گئیں جنہوں نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔
جمعہ کے روز سہ پہر تک عمارت سے 8 افراد کو نکالا جاچکا ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔