مکہ مکرمہ .... مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر الغامدی نے مسلمانان عالم سے کہا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے وقار کی خاطر لڑائی اور دشنام طرازی سے گریز کریں ۔ ماہِ مبارک کے آخری عشرے کو غنیمت شمار کریں ۔ انہوں نے حرم شریف کے ایمان افروز روحانی ماحول میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے بتایا کہ احادیث مبارکہ میں رمضان المبارک کے فضائل کثیر تعداد میں بیان کئے گئے ہیں ۔ عوام الناس بھی اس سے واقف ہیں ۔ یہ مہینہ دل دماغ اور ذہن کی تربیت پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے ۔ ماہِ رمضان میں لوگ 3زمروں میں تقسیم ہو جاتے ہیں ۔ کچھ لوگ وہ ہوتے ہیں جنہیں اس ماہ کی عظمت اور اس کے ایمانی ، روحانی اور تربیتی اثرات کا احساس نہیں ہوتا ۔ یہ لوگ فرائض ، نوافل ، تقرب الٰہی کے امور کی انجام دہی اور صحیح طریقہ پر روزے نہ رکھ کر اپنے اوپر ظلم کرتے ہیں ۔ دل ، زبان ، نظر اور سماعت کی معصیتوںکے ارتکاب سے دامن نہیں بچاتے ۔ دنیاوی لذتوں میں پڑے رہتے ہیں ۔ ماہِ مبارک میں اللہ تعالیٰ سے تقرب کے بجائے مزید دور ہو جاتے ہیں ۔ ایسے لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بد دعا کے مستحق بن جاتے ہیں ۔ کچھ لوگ وہ ہوتے ہیں جو اچھے کام بھاگ بھاگ کر کرتے ہیں ۔ کارِ خیر کو غنیمت شمار کرتے ہیں ۔ نفس کی اصلاح اور تزکیہ کا اہتمام کرتے ہیں ۔ اپنے اطوار بہتر بناتے ہیں ۔ ایسے لوگ رمضان المبارک میں کامیابی اور سرخروئی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں ۔ رمضان میں کچھ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو روزے رکھتے ہیں ، تراویح پڑھتے ہیں ، نمازوں کی پابندی کرتے ہیں لیکن صلاح و فلاح کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ نہیں لیتے اور برائیوں سے کما حقہ پرہیز نہیں کرتے ۔ ایسے لوگوں کیلئے خاص طور پر رمضان کا آخری عشرہ بہت زیادہ غنیمت ہے ۔ اس سے جتنا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اٹھائیں ۔ امام حرم نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اپنی زندگی کے ہر عمل اور اپنی زندگی کے ہر قول کو اللہ کی رضا کا ذریعہ بنانے کی تربیت دینے کی کوشش کی جائے ۔ اس حوالے سے ماہِ مبارک انتہائی اہم مہینہ ہے ۔ اگر 29یا 30روز کے دوران ہم لوگ اپنے تمام معمولات کو اللہ کی مرضی کا پابند بنانے میں کامیاب ہو جائیں تو اس سے بڑی کوئی اورکامیابی نہیں ہو سکتی ۔ زیادہ سے زیادہ عبادت کریں ۔ اچھے کاموں کے بارے میں سوچیں اور کریں ۔ اعتکاف کا اہتمام کریں ۔ قرآن پاک کی تلاوت کریں ۔ شبِ قدر کی تلاش میں جت جائیں ۔ اس کے فضائل بے شمار ہیں ۔دوسری جانب مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ عبدالمحسن القاسم نے جمعہ کا خطبہ شب قدر کی اہمیت اور فضائل کے موضوع پر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پورا مہینہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ کارِ خیر کے کاروبار کا مہینہ ہے ۔ زیادہ سے زیادہ اچھے کام کر کے غیر معمولی اجر کا بیلنس بنانے کا مہینہ ہے ۔ یہ صلہ رحمی ، دلوں کی صفائی ، اخلاق کی پاکیزگی ، خلق خدا کے ساتھ رحمدلی کو فروغ دینے کا مہینہ ہے ۔ شب قدر کی اہمیت کا سب سے بڑا پہلو یہ ہے کہ اسی شب میں کتابِ ہدایت قرآن کریم نازل کی گئی تھی ۔