Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ نائن بال پول چیمپئن شپ  کے لیے عالمی کھلاڑی جدہ پہنچ گئے

چیمپئن شپ کے فاتح کو ڈھائی لاکھ ڈالر کا پہلا انعام دیا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز
دنیا کے بہترین بلیئرڈ کھلاڑی 10 لاکھ ڈالر کے انعامات کی ورلڈ  نائن بال پول چیمپئن شپ 2024 میں حصہ لینے کے لیے گذشتہ روز اتوار کو جدہ پہنچ گئے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب ورلڈ نائن بال ٹور ایونٹ کی میزبانی مملکت میں کی جا رہی ہے ، پیر سے ہفتہ تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں کل 128 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
چیمپئن شپ کے فاتح کو ڈھائی لاکھ ڈالر کا پہلا انعام دیا جائے گا جو اس ٹورنامنٹس کی تاریخ کا سب سے بڑا انعام ہے۔
جدہ پہنچنے پرمیچ روم ملٹی سپورٹ کی منیجنگ ڈائریکٹر ایملی فریزر نے کہا کہ ہمیں سعودی وزارت کھیل اور سعودی عربین بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کے ساتھ شراکت کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے اور اس کے لیے انتہائی شکرگزار ہیں۔
ایملی فریزر نے بتایا ’ورلڈ نائن بال ٹور ایک عالمی پیشہ ور پول ٹور ہے جس میں بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں میں مقابلے کرائے جاتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا ہمیں یقین ہے کہ یہ 10 سالہ تاریخی معاہدہ مملکت میں اس کھیل کے فروغ کے ساتھ مستقبل کے کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
ایملی فریزر نے مزید بتایا ’جدہ کے پرنس عبداللہ الفیصل سٹی سپورٹس ہال میں سعودی جونیئر چیمپئن شپ کے ایلیٹ ایونٹ کا افتتاح پیر کو ہو گا اور چیمپئن شپ جمعہ تک جاری رہے گی۔‘

سعودی عربین بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہی ہے۔ فوٹو واس

اس موقع پر سعودی عربین بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کے صدر ناصر صاب الشمری نے کہا ’ مملکت  کے لیے یہ ایک تاریخی لمحہ ہے جب ہم آئندہ 10 سال کے لیے بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایلیٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہے ہیں۔
ناصر الشمری نے مزید کہا عالمی ٹاپ سٹارز کی میزبانی کرنا ہمارے لیے اہم موقع ہے اور ہم عالمی معیار کے ٹیلنٹ کو شائقین کے سامنے لائیو پرفارمنس پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کے صدر نے بتایا ’مملکت کے بہترین 13 کھلاڑیوں کو اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے جو انہیں زندگی بھر کا تجربہ فراہم کرے گا۔‘
ورلڈ نائن بال ٹور چیمپیئن سپین کے فرانسسکو سانچیز روئز نے کہا ہے کہ جدہ میں عالمی چیمپئن شپ پول ایک تاریخی لمحہ ہے اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو ٹائٹل کا دفاع کرتے ہوئے دیکھنے کا منتظر ہوں۔

مقامی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

بلیئرڈ اینڈ سنوکر چیمپئن شپ میں پانچ بار کے یو ایس اوپن چیمپئن اور 2022 کے عالمی چیمپئن شین وان بوئننگ، 2018 کے ورلڈ چیمپئن جوشوا فلر اور یورپ کے نمبر ون کھلاڑی جیسن شا بھی شریک ہیں۔
مقامی کھلاڑیوں میں سعد الدریس، احمد الجبار، خالد العطیبی، احمد فیراک، خالد الغامدی، حسین مصطفیٰ، احمد الاحمدی، فہد الحربی، نواف شمردل اور عثمان الزہرانی شریک ہیں۔
مملکت کے نمبر ون کھلاڑی احمد الجبار نے کہا مجھے اپنے دوسرے سعودی کھلاڑیوں کے ہمراہ اس ایلیٹ ٹورنامنٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہونے اور دنیا کے بہترین پول کھلاڑیوں کے  ساتھ براہ راست مقابلہ کرنے کے قابل ہونے پر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

شیئر: