مظفرآباد: شاعر احمد فرہاد کی درخواست ضمانت مسترد
پیر کو شاعر احمد فرہاد کو مظفرآباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں گرفتار شاعر احمد فرہاد کی درخواست ضمانت مسترد ہو گئی ہے۔
منگل کو احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد فرہاد کی اہلیہ نے کہا کہ درخواست ضمانت مسترد ہونے کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔
پیر کو مظفرآباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں شاعر احمد فرہاد کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ ہوا تھا۔
احمد فرہاد کے چار روزہ جسمانی ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر پولیس نے انہیں عدالت میں پیش کرکے مزید ریمانڈ کی استدعا کی جس پر سیشن کورٹ نے 10جون تک ریمانڈ میں توسیع کر دی تھی۔
16 مئی کو شاعر احمد فرہاد کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا تھا جس کا مقدمہ شاعر فرہاد علی کی بیوی سیدہ عروج کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ لوہی بھیر میں درج کیا گیا تھا۔
مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نامعلوم افراد نے سوہان گارڈن سے احمد فرہاد کو اغوا کیا اور بغیر وارنٹ ہمارے گھر میں داخل ہوئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کو بازیاب کرا کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کیس میں آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈر سمیت سیکریٹری دفاع اور سیکریٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔
بعدازاں 29 مئی کو احمد فرہاد کے اغوا اور گمشدگی کی درخواست کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے بتایا تھا کہ احمد فرہاد کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے ضلع باغ کی پولیس نے کوہالہ سے گرفتار کر لیا ہے۔
احمد فرہاد کو پاکستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے تھانہ صدر کی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا جس کے بعد انہیں مطفرآباد شہر سے باہر تھانہ کہوڑی منتقل کر دیا گیا تھا۔