Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسام پروجیکٹ کے تحت یمن سے مزید ایک ہزار 406 بارودی سرنگیں صاف

چارلاکھ 44 ہزار858 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔(فوٹو: ایس پی اےا)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے مئی 2024 کے چوتھے ہفتے کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید ایک ہزار406 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
 ایس پی اے کے حوالے سے بتایا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے یمن کے مختلف علاقوں سے10 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں، ایک ہزار326 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز،68 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اور 2 دیسی ساختہ ڈیوائسز کو تباہ کیا ہے۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ 
 2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 44 ہزار858 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
یہ پروجیکٹ مقامی انجینیئرز کی بھی تربیت اورانہیں جدید آلات فراہم کرتا ہے جبکہ باردودی سرنگوں کی زد میں آنے والے یمنی شہریوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔
مسام پروجیکٹ کے مطابق یمن میں بحران کے آغاز سے اب تک تقریبا 50 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جن میں بیشتر بارودی سرنگوں کے باعث بے گھر ہوئے۔

شیئر: