Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کے نصیرات کیمپ پر حملہ ’گھناونا اور دہشت گردانہ‘ اقدام، جی سی سی کی مذمت

خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) نے وسطی غزہ کے نصیرات کیمپ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں کم ازکم 200 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے فلسطینوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جی سی سی نے بیان میں کہا کہ’ بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مسلسل اور منظم جرائم کو روکنے کے لیے اقدامات کرے‘۔
بیان میں نصیرت کیمپ پر حملے کو ایک گھناونا اور دہشت گردانہ اقدام قرار دیا گیا۔
علاوہ ازیں جی سی سی کے وزارتی اجلاس میں وزرا نے غزہ میں جنگ کےخاتمے پر اتفاق کیا اور کہا کہ ’امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کو سنجیدگی اور مثبت طور پر  لینا ضروری ہے جو غزہ میں جنگ بندی کا باعث بنے گی‘۔
وزارتی اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی شرکت کی۔
علاوہ ازیں اسلامی تعاون تنطیم (او آئی سی) نے غزہ میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی فار فلسطینی ریفیوجیز کے تحت ایک سکول پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی ہے جہاں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔
غزہ کی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی بمباری اور حملوں میں کم از کم 36,801 فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق حماس کے سات اکتوبر کے حملے میں تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

شیئر: