سعودی طلبہ نے ملائیشیا میں 24 ویں ایشین اولمپیارڈ2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سعودی ٹیم نے 5 ایوارڈ حاصل کیے۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ملائیشیا کے شہر کمپار میں 3 سے 10 جون 2024 تک جاری رہنے والے اولمپیارڈ میں 27 ممالک کے 208 طلبہ نے شرکت کی۔
آٹھ رکنی سعودی ٹیم نے ایک کانسی کا تمغہ اور 4 تعریفی سرٹیفکیٹ حاصل کیے۔
الاحسا کے طالب علم مازن الشخص نے کانسی کا تمغہ جبکہ الشرقیہ کے وسام آل قنبر، جدہ کے احمد عریف اور عبدالملک عالم اور مکہ مکرمہ کے احمد فضل اللہ نے تعریفی اسناد حاصل کیں۔

کنگ عبدالعزیزفاؤنڈیشن ’موھبہ‘ کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر آمال الھزاع نے طلبہ، ان کے اہل خانہ، سکول اور اساتذہ کی تعریف کی۔
انہوں نے طلبہ کے ٹیلنٹ اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور علم پر مبنی مسابقتی معاشرے کی تعمیر کےلیے مملکت کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
ان کا کہنا تھا ’موھبہ‘ کا مقصد سائنس اور ٹیکنالوجی میں صلاحیتوں کو بڑھانا، نئی نسل کو وژن 2030 میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا اور مقامی اور عالمی چیلنجوں کو حل کرنا ہے۔
