مکہ اور مشاعر مقدسہ میں غیر اجازت یافتہ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی
’ڈرائیور کو 6 ماہ قید اور گاڑی میں سوار ہر شخص پر 50 ہزار ریال جرمانہ ہوسکتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ امن عامہ نے کہا ہے کہ آج منگل سے 13 ذو الحجہ تک غیر اجازت یافتہ گاڑیوں کے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں داخلے پر پابندی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ امن عامہ نے کہاہے کہ ’غیر قانونی عازمین کو مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش سنگین جرم ہے‘۔
’ایسا کرنے پر ڈرائیور کو 6 ماہ قید اور گاڑی میں سوار ہر شخص پر 50 ہزار ریال جرمانہ ہوسکتا ہے‘۔
’علاوہ ازیں گاڑی ضبط ہوجائے گی جبکہ غیر ملکی ڈرائیور ہوگا تو سزا کی مدت پوری کرنے کے بعد اسے ملک سے بیدخل کرکے بلیک لسٹ کردیا جائے گا‘۔
محکمہ امن عامہ نے کہاہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر یا مرکزی علاقے میں یا مشاعر مقدسہ میں کوئی بھی شخص گرفتار ہوا تو اس پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا‘۔
’اگر وہ شخص غیر ملکی ہوا تو ملک سے بیدخل کرکے بلیک لسٹ کردیا جائے گا‘۔