حج کوریج کےلیے آنے والے میڈیا وفود کو سہولت فراہم کی جائیں گی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے وزارت حج وعمرہ اور ضیوف الرحمان پروگرام کے اشتراک سے مکہ مکرمہ میں ’حج میڈیا فورم‘ کا افتتاح کر دیا۔
اخبار 24 کے مطابق میڈیا فورم 10 سے 16 جون 2024 تک جاری رہے گا جس کا مقصد حج کوریج کےلیے آنے والے میڈیا وفود کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے اس سال حج سیزن کی کوریج کےلیے 150 مقامی اور بین الاقوامی میڈیا ہاؤسز سے 1500 سے زائد نمائندگان میڈیا فورم کی سہولت سے مستفیض ہوں گے۔
میڈیا فورم کے تحت نمائندگان کو جملہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی جن میں لائیوکوریج کےلیے جدید سہولتوں سے آراستہ سٹوڈیو اور ورچوئل میڈیا سینٹر کے علاوہ مشاعر مقدسہ کے مختلف مقامات کی براہ راست ویڈیو فوٹیج دستیاب ہوگی۔
حج سیزن کی عالمی سطح پربھرپور کوریج کے لیے وزارت اطلاعات نے 15 حکومتی اداروں کے اشتراک سے جملہ سہولتوں سے آراستہ میڈیا سینٹر قائم کیا ہے۔
علاوہ ازیں حرمین شریفین اتھارٹی بھی میڈیا فورم میں شریک ہے۔ ایک نمائش کے ذریعے مقدس مساجد میں فراہم کی جانے والی خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے۔