Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھ زبانیں بولنے والے 70 سالہ حج سکاؤٹ خدمت کے جذبے سے سرشار

حجاج کی خدمت کے جذبے میں عمر کبھی رکاوٹ کا باعث نہیں رہی۔ فوٹو واس
حج کا موسم ہر کسی میں ایمان، یکجہتی اور رضاکارانہ جذبے ابھارتا ہے اسی طرح سکاؤٹ لیڈر عبدالواحد بن عبدالمالک خیاط اپنی غیر معمولی خدمات اور کثیر لسانی صلاحیتوں کی وجہ سے نمایاں ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی سکاؤٹ لیڈر 70 سالہ عبدالواحد عربی کے علاوہ انگریزی، اردو، انڈونیشی، فارسی اور ہوسا زبان میں روانی سے بات چیت کر سکتے ہیں۔
عبدالواحد خیاط مکہ مکرمہ کے العزیزیہ کیمپ میں  25 سال سے زیادہ عرصے سے دنیا بھر سے آنے والے مختلف قومیتوں کے عازمین کے لیے ان کی زبان میں موثر رہنمائی اور مدد کا ذریعہ ہیں۔
سکاؤٹس لیڈر کا کہنا ہے کہ عازمین کو اس روحانی سفر میں درکار تعاون کی پیش کش اور خدمت کے جذبے میں عمر کبھی رکاوٹ کا باعث نہیں رہی اور یہ جذبہ ہے جو مجھے ہمیشہ ثابت قدم رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حاجیوں کی خدمت صرف مدد ہی نہیں بلکہ یہ ہماری کمیونٹی کے نوجوانوں کی تربیت اور رضاکاروں میں ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا ہے۔
نوجوان سکاؤٹس کے ساتھ تجربہ کار ممبران کی موجودگی انہیں تحریک دیتی ہے اور بزرگ سکاؤٹس کو خدمت کرتے دیکھ کر نوجوان سکاؤٹس کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

حاجیوں کی خدمت نوجوانوں میں ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا ہے۔ فوٹو واس

عبدالواحد خیاط نے بتایا کہ نوجوان سکاؤٹس میں خدمت کا جوش و جذبہ اور خلوص انہیں غیر معمولی خدمات پیش کرنے کی رغبت دلاتا ہے۔
70 سالہ عبدالواحد خیاط کی کہانی مسلمانوں کے سالانہ عالمی اجتماع میں شامل ہر فرد پر رضاکارانہ خدمت کے مستحکم  اور لازوال جذبے کے گہرے نقوش چھوڑتی ہے۔
 

شیئر: