Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کے سفر میں شامل دنیا کی معروف شخصیات کے جذباتی تاثرات

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ ’روٹ ٹو مکہ کے تحت حج کے آغاز کے انتظامات سے خوشی ہوئی ہے‘ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
ہر سال دنیا بھر سے مسلمان مکہ اور مدینہ کے مقدس شہروں میں حج سے پہلے جمع ہوتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے لیے زندگی میں ایک بار کا روحانی سفر ہے۔
8 ذوالحج 1445ھ بمطابق 14 جون 2024 بروز جمعہ حج کے آغاز کے ساتھ ہی عازمین مکہ کے قریب منیٰ کی خیمہ بستی میں جمع ہوں گے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کو سعودی وزیرحج نے فیملی کے ساتھ مدعو کیا ہے (فوٹو: انسٹاگرام)

دنیا کی متعدد معروف شخصیات اپنے عقیدے سے جڑے رہنے کی غرض سے مصروف شیڈول سے وقت نکال کر حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے پہنچی ہوئی ہیں۔
رواں سال حج کرنے والی معروف شخصیات میں انڈین سابق  ٹینس کھلاڑی اور ڈبلز کی عالمی نمبر ون ثانیہ مرزا ، یونائیٹڈ فائٹنگ چیمپئن شپ کے لائٹ ویٹ چیمپئن اسلام میخاشیف، نیوزی لینڈ کے ہیوی ویٹ باکسر اور سابق پیشہ ور رگبی کھلاڑی سونی بل ولیمز، ملائیشیا میں مقیم انڈین اسلامی خطیب ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک، پاکستانی ٹیلی ویژن کی میزبان اور سابق اداکارہ ندا یاسر اور پاکستانی اداکارہ، فلم ڈائریکٹر و پروڈیوسر ریما خان شامل ہیں۔

ایم ایم اے چیمپئن اسلام میخاشیف نے یادگاری تصویر پوسٹ کی ہے (فوٹو: انسٹاگرام)

ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا کے ایکس اکاؤنٹ پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’مجھے حج کے عظیم الشان سفر پر جانے کا موقع ملا ہے۔ زندگی بدل دینے والے سفر پر روانہ ہو رہی ہوں اور عاجزی کے ساتھ آپ سب سے معافی کی طلب گار ہوں۔‘
ٹینس سٹار نے مزید لکھا کہ ’میں بہت خوش قسمت ہوں اور دعا ہے اللہ میری عبادات قبول فرمائے اور مجھے سلامتی کے راستے پر چلائے۔ امید ہے جب اس سفر سے واپس آؤں گی تو میرے دل میں عاجزی ہوگی اور ایمان مزید مضبوط ہوگا۔‘
ثانیہ مرزا کے ہمراہ ان کی بہن انعم بھی موجود ہیں جو فیشن کیوریٹر، بزنس ویمن اور بلاگر ہیں اور انعم کے  شوہر انڈین کرکٹر محمد اسدالدین، کرکٹ کے لیجنڈ سابق انڈین کپتان محمد اظہر الدین کے بیٹے ہیں۔

ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ ’دعا ہے اللہ میری عبادات قبول فرمائے اور سلامتی کے راستے پر چلائے‘ (فوٹو: انسٹاگرام)

انعم نے انسٹاگرام پر لکھا ہے کہ ’میں اپنی زندگی کے سب سے اہم سفر حج کے آغاز  پر چند الفاظ شیئر کرنا چاہتی ہوں۔‘
’حج کا سفر نہ صرف جسمانی بلکہ ایک خاص روحانی تجربہ ہے جس کے لیے میں دل اور دماغ دونوں کی تیاری کر رہی ہوں۔ ایام حج کے لمحات سوچنے، توبہ کرنے اور  تجدید ایمان کا وقت ہے۔‘
یونائیٹڈ فائٹنگ چیمپئن شپ کے لائٹ ویٹ چیمپئن اسلام میخاشیف اپنے امریکی حریف ڈسٹن پوریر کو یو ایف سی ٹائٹل میں شکست دینے کے چند دن بعد کہا کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ اس سال حج کی ادائیگی کے لیے مکہ روانہ ہوئے ہیں۔

پاکستان کی معروف اداکارہ ریما خان حج کے لیے جمعے کو مدینہ پہنچی تھیں (فوٹو: انسٹاگرام)

اسلامک ریلیف انگلینڈ کے سکالر حسیب نور نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر مکسڈ مارشل آرٹ چیمپئن اسلام میخاشیف کے ساتھ یادگاری تصویر پوسٹ کی ہے۔
نیوزی لینڈ کے ہیوی ویٹ باکسر سونی بل ولیمز نے ایکس اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں کہا ہے ’الحمدللہ ،مجھے حج کی سعادت حاصل کرنے کی دعوت ملی ہے۔‘
ولیمز رگبی لیگ میں نیوزی لینڈ  کی نمائندگی کرنے والے 43 کھلاڑیوں میں سے ہیں جنہوں نے دو بار رگبی ورلڈ کپ جیتا ہے۔

نیوزی لینڈ کے ہیوی ویٹ باکسر سونی بل حج پر روانگی سے قبل خوش ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)

اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن اور پیس ٹی وی کے بانی اور صدر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے منگل کو ایکس پر پوسٹ کردہ ایک پیغام میں حج انتظامات کی تعریف کی ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے ’سعودی عرب کے وزیر حج توفیق الربیعہ نے انہیں اہل خانہ کے ہمراہ حج کی سعادت کے لیے مدعو کیا ہے۔‘
روٹ ٹو مکہ کے حوالے سے حج انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ ’جدہ پہنچنے پر انتہائی کم وقت میں ایئرپورٹ سے باہر آگیا۔‘

’دعاؤں میں یاد رکھیے گا، حج کے لیے روانہ ہو رہی ہوں‘ (فوٹو: انسٹاگرام)

پاکستانی ٹیلی ویژن کی میزبان ندا یاسر نے سعودی عرب کے لیے روانگی کے وقت انسٹاگرام پر لکھا کہ ’دعاؤں میں یاد رکھیے گا ،حج کے لیے روانہ ہو رہی ہوں، کہا سنا معاف (کسی بھی غلطی کے لیے معذرت)۔
پاکستان کی معروف اداکارہ ریما خان حج سے قبل مدینہ پہنچی تھیں۔ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ریما خان نے لکھا کہ ’الحمدللہ جمعہ کی صبح مدینہ پہنچی ہوں۔‘
 

شیئر: