عازمین حج مکہ میں قیام کے لمحات کو کیسے یادگار بنا رہے ہیں
عازمین حج مکہ میں قیام کے لمحات کو کیسے یادگار بنا رہے ہیں
جمعرات 13 جون 2024 6:24
شاہی مہمانوں کی مکہ مکرمہ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین کی میزبانی میں آنے والے مہمان عازمین حج مکہ مکرمہ میں قیام کے لمحات کو یاد گار بناتے ہوئے انہیں اپنے اہل خانہ کے ساتھ شیئرکر رہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مختلف ممالک سے آنے والے شاہی مہمانوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری وزارت اسلامی امور کی ہے جو زائرین کو مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں اور تاریخی مقامات کے بارے میں بھی آگاہ کر رہے ہیں۔
ان دنوں مکہ مکرمہ میں مقیم شاہی میزبانی میں آنے والے عمرہ زائرین اپنے سفرحج کو یادگار بناتے ہوئے سوشل میڈیا پراپنے وطن میں اہل خانہ کے ساتھ ویڈیو کالز کے ذریعے انہیں لمحہ بہ لمحہ ساتھ رکھے ہوئے ہیں۔
بیشتر مہمان براہ راست کالنگ ایپس کے ذریعے اپنے اہل خانہ کو مسجد الحرام اور دیگر مقامات کی سیر بھی کراتے ہیں تاکہ وہ بھی ان مقامات کے بارے میں جان سکیں۔
واضح رہے اس سال شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی میزبانی میں 88 ممالک سے 3322 مہمان فریضہ حج ادا کریں گے۔
شاہی مہمانوں کی مکہ مکرمہ آمد کا سلسلہ یکم ذوالحجہ شروع ہو گیا تھا جو جاری ہے۔
شاہی مہمان فریضہ حج ادا کرنے کے بعد مدینہ منورہ جائیں گے جہاں چند دن قیام کریں گے۔