Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارت دفاع نے حج 2024 کی تیاریاں مکمل کرلیں

اضافی اہلکاروں کوعازمین حج کی خدمت اور رہنمائی کے لیے تعینات کیا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وزارت دفاع  نے سال 2024 کے حج کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور وہ سکیورٹی سروسز اور سرکاری اداروں کے کام میں مدد کے لیے تیار ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت دفاع میں حج امور کی نگران کمیٹی نے ایام حج کے لیے منصوبے کو حتمی شکل دی ہے۔
عسکری، طبی اور دیگر اداروں سے افرادی قوت اور اضافی اہلکاروں کو مکہ مکرمہ، مشاعر مقدسہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کی خدمت اور رہنمائی کے لیے تعینات کیا ہے۔
وزارت دفاع کے مختلف یونٹس کو امن عامہ میں معاونت کے لیے حج ایام میں وزارت داخلہ کے ساتھ مل کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی۔
سیکیورٹی یونٹس مسجد الحرام کے مختلف مقامات پرتعینات کیے گئے ہیں جبکہ مشاعر مقدسہ کا مستقل بنیادوں پر فضائی جائزہ بھی لیا جاتا ہے۔
 ایام حج میں فضائی یونٹ ہجوم کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے گراونڈ کنٹرول کو مطلع کرتا ہے جہاں سے فوری طورپر منصوبے کے مطابق ہجوم کو اس مقام سے کم کیا جاتا ہے تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مشاعر مقدسہ کا مستقل بنیادوں پر فضائی جائزہ بھی لیا جاتا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)

علاوہ ازیں وزارت دفاع کی میزبانی میں مختلف مہموں میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کےعلاوہ 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو حج کے لیے بھی مدعو کیا ہے۔
وزارت دفاع کی جانب سے دینی رہنمائی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جس کےلیے علما اور مشائخ کو مدعو کیا گیا ہے جو حج کے مسائل اور دیگر امور میں رہنمائی کریں گے۔

شیئر: