رشتہ دار غمزدہ، کویت سے 45 ورکرز کی لاشیں انڈیا پہنچا دی گئیں
رشتہ دار غمزدہ، کویت سے 45 ورکرز کی لاشیں انڈیا پہنچا دی گئیں
جمعہ 14 جون 2024 9:32
غمزدہ رشتہ دار اب بھی اپنے پیاروں کی واپسی کے لیے منتظر ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کویت میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والے 45 انڈین تارکین وطن کی لاشیں ملک پہنچا دی گئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کی صبح المنقف کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 45 انڈین شہری تھے۔
متعدد تارکین اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کے غمزدہ رشتہ دار اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔
30 سالہ متاثرہ سِبن ابراہم کے پڑوسی انو ابی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم آخری لمحے تک پُرامید تھے کہ شاید وہ باہر نکل گیا ہو، شاید وہ ہسپتال میں ہو۔‘
انو ابی نے کہا کہ ابراہماگست میں اپنے بچے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے گھر واپس آنے والے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آتشزدگی سے صرف ایک گھنٹہ قبل ابراہم اپنی اہلیہ سے فون پر بات کر رہے تھے۔ تارکین وطن کی لاشیں انڈین فضائیہ کی مدد سے پہنچائی گئیں۔
تیل کی دولت سے مالا مال کویت کی 40 لاکھ سے زیادہ آبادی تارکین وطن پر مشتمل ہے۔
ان میں سے اکثر کا تعلق جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا سے ہے جو تعمیرات اور خدمات کی صنعتوں میں کام کر رہے ہیں۔ یہ تارکین وطن گنجان آباد رہائشی عمارتوں میں رہتے ہیں۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق عمارت میں تقریباً 200 لوگ رہائش پذیر تھے اور آگ کے شعلوں میں پھنس جانے کے بعد بہت سے افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔
حکام نے جمعرات کو بتایا کہ ایک کویتی اور دو غیرملکی شہریوں کو حفاظتی طریقہ کار اور قواعد و ضوابط میں غفلت برتننے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔
بدھ کے روز وزیر داخلہ شیخ فہد الیوسف نے کہا کہ حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو بند کر دیا جائے گا۔
ہلاک والوں میں تین فلپائنی تارکین وطن بھی شامل ہیں، حکام ان کے رشتہ داروں سے رابطے میں ہیں۔
یہ کویت کی تاریخ میں آتشزدگی کا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 2009 میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں 59 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب بظاہر انتقام لینے کے لیے ایک خاتون نے شوہر کی دوسری شادی کی تقریب میں آگ لگا دی تھی۔