Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کے حملے میں دو اسرائیلی یرغمالی ہلاک ہو گئے: القسام بریگیڈ

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 37 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ کچھ دن قبل رفح پر اسرائیل کے فضائی حملے میں غزہ میں موجود دو اسرائیلی یرغمالی ہلاک ہو گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عسکری گروہ کی جانب سے جمعے کو اپنے ٹیلی گرام چینل پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں ان ہلاک ہونے والے یرغمالیوں کے نام نہیں بتائے گئے اور نہ اس حوالے سے کوئی شواہد فراہم کیے گئے ہیں۔
القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں اسرائیلی عوام کو مخاطب کر کے کہا کہ ’اسرائیلی حکومت آپ کے یرغمالیوں کی تابوتوں میں ہی واپسی چاہتی ہے۔‘
اسرائیل نے آٹھ جون کو وسطی غزہ کے النصیرات میں یرغمالیوں کی رہائی کی کارروائی میں حماس کے زیرحراست چار یرغمالیوں کو بازیاب کرایا تھا۔ جبکہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی اس کارروائی میں 250 سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے۔
غزہ میں جنگ کا آغاز گذشتہ برس سات اکتوبر کو حماس کے عسکریت پسندوں کے جنوبی اسرائیل میں کارروائی کے بعد ہوا۔ اسرائیلی حکومت کے اعداد وشمار کے مطابق اس حملے میں 12 سو کے قریب لوگ ہلاک ہوئے جبکہ 250 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا گیا۔
اسرائیل نے جوابی کارروائی میں غزہ میں فوجی حملہ کیا جس میں غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک 37 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی اس فوجی کارروائی کا مقصد حماس کا خاتمہ اور یرغمالیوں کی رہائی ہے۔

شیئر: