مکہ کے بازاروں کی رونقیں بحال، حجاج تحائف کی خریداری میں مصروف
مکہ کے بازاروں کی رونقیں بحال، حجاج تحائف کی خریداری میں مصروف
بدھ 19 جون 2024 14:45
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، منیٰ
ایشیائی حجاج کا کہنا ہے کہ غار حراء کی زیارت ضرور کریں گے(فوٹو،ایکس )
وطن روانگی سے قبل حجاج کرام مکہ مکرمہ کے بازاروں میں تحائف و دیگر ضروری اشیا کی خریداری میں مصروف ہیں۔ بیشترحجاج جائے نمازیں، تسبیح اور دیگر دلچسپی کی اشیا کی خریداری کرتے نظر آتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حج 2024 کے مناسک کی ادائیگی کے بعد 14 ذوالحجہ کو مکہ مکرمہ میں مقیم حجاج وطن واپسی سے قبل شہر مقدس کے مختلف تاریخی مقامات کی زیارت کر رہے ہیں جبکہ شہر کے بازاروں کی رونقیں بھی حجاج کی آمد کے ساتھ ہی عروج پرپہنچ چکی ہیں۔
پاکستان سے آنے والے حجاج احمد عبدالصمد نے بتایا کہ وہ حج سے کچھ دن قبل مکہ مکرمہ آئے تھے اب حج کے بعد مدینہ منورہ جائیں گے۔
مکہ کے تاریخی مقامات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ غار حراء اور غار ثور جانے کا پروگرام ہے جہاں سے دین حنیف کا آغاز ہوا اور اسلام کی روشنی دنیا بھر میں پھیلی۔
ایک اور حاجی کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ سے اپنے عزیزوں کے لیے جائے نمازیں ضرور خریدیں گے تاہم آب زم زم صرف ایک بوتل ہی لے جانے کی اجازت ہے اس لیے جب مدینہ منورہ جائیں گے تو وہاں سے کھجوریں ضرور لینی ہیں۔
مکہ مکرمہ میں اس وقت موجود حجاج کرام گروپس کی صورت میں جبل الرحمہ پر بھی جا رہے ہیں جہاں وہ حج مناسک کی ادائیگی کے بعد میدان عرفات میں یادگاری تصاویر بنانے میں مصروف ہیں۔
واضح رہے حج سے قبل مکہ مکرمہ آنے والے حجاج کرام حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ جاتے ہیں جبکہ حج سے قبل مدینہ منورہ کی زیارت سے فارغ ہونے والے حجاج اپنے ملک روانہ ہونے کی تیاری میں مصروف ہیں۔