Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں بھاری بموں کے استعمال پر ’سنگین تشویش‘ ہے، اقوام متحدہ

اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ نے چھ حملوں میں کم از کم 218 فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گنجان آباد غزہ کی پٹی میں اسرائیل نے بار بار بھاری بموں کا استعمال کیا جو جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک حالیہ رپورٹ میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے چھ اسرائیلی حملوں کی تفصیلات فراہم کی ہیں جن میں ایک ہی طریقہ کار اپنائے جانے کی نشاندہی کرتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان حملوں میں رہائشی مکانات، سکول، مہاجرین کے کیمپوں اور ایک مارکیٹ پر حملے میں 2 ہزار پونڈ کے بم استعمال کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
انسانی حقوق کے دفتر نے ان حملوں میں ہونے والی 218 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جو 7 اکتوبر کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے آغاز میں ہوئی تھیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
انسانی حقوق کے دفتر کے سربراہ والکر ٹرک نے بیان میں کہا ’اسرائیل کی جانب سے بم برسانے کی مہم میں جنگ کے ان طریقوں کی مسلسل خلاف ورزی کی گئی ہے جو شہری نقصان سے بچنے یا اسے ہر حد تک کم سے کم کرنے کے لیے اپنائے جاتے ہیں۔‘
رپورٹ میں یہ نتیخہ اخذ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کا تسلسل، جس کی مثال 9 اکتوبر سے 2 دسمبر کے درمیان ہونے والے چھ حملوں میں بھی ملتی ہے، سے معلوم ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ’جنگ کے قوانین کے بنیادی اصولوں کی بار بار خلاف ورزی کی ہے۔‘
رپورٹ میں جن اسرائیلی حملوں کا ذکر کیا گیا ہے ان میں گزشتہ سال 2 دسمبر کو غزہ شہر کے علاقے شجاعیہ پر ہونے والا فضائی حملہ بھی شامل ہے۔
اس حملے میں 130 میٹر طویل حصے کو نقصان پہنچا تھا جبکہ 15 عمارتیں تباہ اور کم از کم 14 کو نقصان پہنچا تھا۔

اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 2000 پونڈ کے بم برسائے گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

سیٹلائٹ تصاویر سے نقصان کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حملے میں تقریباً 2000 پونڈ کے نو جی بی یو 31 بم برسائے گئے ہیں۔
اقوم متحدہ کے مطابق اس حملے میں 60 افراد کے ہلاک ہونے کی معلومات موصول ہوئی تھیں۔
انسانی حقوق کے دفتر کے ترجمان جیریمی لارنس نے صحافیوں کو بتایا کہ جی بی یو 31، ایک ہزار پونڈ کا جی بی یو 32 ایس اور 250 پونڈ کا جی بی یو 39 ایس بم کنکریٹ کی متعدد منزلوں میں سے گزرتا ہوا بلند عمارتوں کو مکمل تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں کم از کم 37 ہزار 372 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: